سفارش کلچر کا خاتمہ مظلوموں کی دادرسی اور مجرمان کی سرکوبی اولین ترجیحات ہیں، سی پی او


فیصل آباد(94 نیوز) سٹی پولیس آفیسر کامران عادل نے پولیس افسران وملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں میرٹ کا نفاذ،سفارش کلچر کا خاتمہ مظلوموں کی دادرسی اور مجرمان کی سرکوبی اولین ترجیحات ہیں۔ تمام پولیس افسران و ملازمان میرے دست و بازو ہیں ہم سب ایک ٹیم ہے اور ہم سب نے مل کر عوام الناس کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ سٹی پولیس آفیسر نے پولیس لائنزمیں چیف ٹریفک آفیسرمقصود احمد لون اور ان کی ٹیم سے میٹنگ کی۔سی پی او نے چیف ٹریفک آفیسرکو ٹریفک ایجوکیشن اور ٹریفک انفورسمنٹ مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔سٹی پولیس آفیسر نے میٹنگ میں چیف ٹریفک آفیسر اور ٹریفک ٹیم کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہ کی جائے گی،کم عمر ڈرائیورز اکثر مہلک حادثات کا سبب بنتے ہیں فیصل آباد کی سڑکوں پر کم عمر ڈرائیونگ کی کوئی گنجائش نہیں۔ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔مزید ممنوعہ اوقات میں ہیوی ٹریفک کا شہر میں داخلہ خطرناک حادثات کو جنم دیتا ہے لہذا ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا ممنوعہ اوقات میں شہری حدود میں داخلہ سختی سے منع ہے۔ اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس ”زیرو ٹالرنس پالیسی” پر عمل پیرا ہو کر بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائے۔آئندہ آنے والے دنوں میں ٹریفک آگاہی کے ساتھ ساتھ ٹریفک انفورسمنٹ کا دائرہ کار فیصل آباد کی شاہراہوں پر مزید اور بہتر انداز میں بڑھایا جائے اور مل کر ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ایک مہذب معاشر یکی تشکیل میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہے عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے فرائض منصبی اخلاقی اقدار اور مکمل دیانتداری سے سرانجام دیں۔



