قومی

6 اور 7 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کے حامل دن ہیں، عبدالرشید حجازی

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) 6 اور 7 ستمبر ملکی تاریخ میں انتہائی اہمیت کے حامل دن ہیں۔ 6 ستمبر 1965 کو پاک فوج کے جوانوں نے انڈیا کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا تھا اور 7 ستمبر 1974 کو پاکستان کی قانون ساز اسمبلی نے اسلام و پاکستان کے دشمن مرزائیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیکر تحفظ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کا قانون پاس کر کے تاریخی کار نامہ سر انجام دیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبد الرشید حجازی ضلعی ناظم قاری محمد ارشد ، خالد محمود اعظم آبادی و دیگر نے یوم دفاع پاکستان و تحفظ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے ایمان کی بنیاد و اساس ہے ۔ عقیدہ ختم نبوت ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز اور پیارا ہے ۔ کوئی مسلمان بھی اس بات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتا ہے ۔ ملکی دفاع کی بات ہو یا پھر تحفظ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کی چوکیداری ہمارے اسلاف مولانا محمد حسین بٹالوی ، مولانا نزیر حسین محدث دہلوی ، مولانا ثناء اللہ امرتسری ، سید محمد داؤد غزنوی ، مولانا احمد دین گھکڑوی ، مولانا اسماعیل سلفی ، شہید ملت علامہ احسان الٰہی ظہیر ، علامہ حبیب الرحمٰن یزدانی ، مولانا عبد الجبار غزنوی ، مولانا عبد القادر روپڑی ، مولانا عبد الرحیم اشرف رحمہ اللہ اجمعین و دیگر نے اس سلسلہ میں ناقابل فراموش اور لا زوال کردار ادا کیا تھا آج بھی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کا ہر کارکن عقیدہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم و ملکی بقاء وسلامتی اور اس کے دفاع کے لئے اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں ۔ علامہ عبد الرشید حجازی نے مزید کہا کہ ملکی دفاع کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں شہداء اسلام و شہداء پاکستان کے درجات کی بلندی کے لئے ہم سب دعا گو ہیں ۔ اور اسطرح 1974 کی قانون ساز اسمبلی کے ممبران اور دیگر تمام کرداروں خصوصاً اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کے تاریخی کردار پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ اور اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ملکی دفاع کی بات ہو یا پھر تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم ہم سب کٹ مرنے کو تیار ہیں

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button