18 جون کو ایف ڈی اے کے زیراہتمام نیلامی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے، چوہدری محمد آصف ڈی جی ایف ڈی اے


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ایف ڈی اے کے زیر اہتمام رہائشی و کمرشل پلاٹس کی فروخت کرنے یا لیز پر دینے کے لئے نیلام عام کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ یہ نیلامی بدھ 18 جون 2025 کو گیارہ بجے دن دفتر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں منعقد ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک اجلاس کے دوران نیلامی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور نیلامی کے عمل کو منظم وشفاف رکھنے کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس فیصل طارق بٹ و دیگر افسران اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے نیلامی کی شرائط اور قواعد و ضوابط کا جائزہ لیتے ہوئے ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو کی سربراہی میں نیلام عام کمیٹی تشکیل دی جس میں ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ون، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو کو بطور ممبرز شامل کیا گیا ہے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ نیلام کئے جانے والے پلاٹس کی تفصیلات نمایاں جگہ پر احسن انداز میں آویزاں ہونی چاہیئے اور نیلامی کے عمل میں تمام تر قانونی تقاضوں و محکمانہ شرائط کی پابندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پلاٹس کی خرید کے لئے بولی میں حصہ لینے والے خواہش مند افراد کے لئے ہرممکن آسانی و سہولت مہیا کریں اس سلسلے میں نظم وضبط کو برقرار رکھاجائے۔ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں نے ایف ڈی اے سٹی میں واقع نیلامی کے لئے پیش کئے جانے والے رہائشی و کمرشل پلاٹس، ان کی قدر وقیمت اور محل وقوع کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ نیلام عام میں مختلف بلاکس کے 10مرلہ اور ایک کنال رقبہ کے متعدد پلاٹس، بلیوارڈ پر دکانوں کی فروخت شامل ہے جبکہ ہسپتال، شادی ہالز/ مارکیز، پٹرول پمپ کے مختلف پیمائش کے رقبہ جات لیز پر دینے کی بھی نیلامی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نیلامی میں حصہ لینے کے لئے بولی دھندہ کو پلاٹس کے ساتھ درج زرضمانت بحق ایف ڈی اے سٹی شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کے ساتھ بنک ڈرافٹ /پے آرڈر یا نقد رقم کی صورت میں جمع کرانا ہوگا اس سلسلے میں چیک قبول نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیلامی میں خریدے گئے پلاٹ کو طے شدہ کے علاوہ کسی دیگر مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیاجاسکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب بولی دھندہ انکم ٹیکس، سٹمپ ڈیوٹی و دیگر ٹیکسز جمع کروانے کا پابند ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پلاٹس کی تفصیلات یا نیلامی کی شرائط سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لئے سائٹ وزٹ یا فون نمبر0418810967.68 یا موبائل نمبر 03008703732 پررابطہ کیا جا سکتا ہے۔



