تقریبات/سیمینارز

ڈی پی ایس کےعبدالرحمن نے مقرر، سپرٹ سکول کی انظل افتخار نے مقررہ فیصل آباد کا اعزاز حاصل کرلیا

فیصل آباد(94 نیوز) ڈویژنل پبلک سکول وکالج کے طالب علم عبدالرحمن نے مقرر اور سپرٹ گرائمر سکول سسٹم کی طالبہ انظل افتخار نے مقررہ فیصل آباد کا اعزاز حاصل کرلیا۔

ڈویژنل کمشنر محمد شاہد نیاز نے مقرر کو پگڑی پہنائی جبکہ مقررہ فیصل آباد کو شال اوڑھی۔ ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اشتراک سے مقرر/مقررہ فیصل آباد کے انتخاب کے لئے فائنل ٹاکرا میٹروپولیٹن کارپوریشن ہال میں منعقد ہوا جس میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول 455 گ۔ب کے طالب علم گلبدین حکمت یار، ڈویژنل پبلک سکول وکالج کے عبدالرحمان، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 208 ر۔ب کی عائشہ صدیقہ اور سپرٹ گرائمر سکول سسٹم کی انظل افتخار کے مابین مختلف عنوانات پر اردو تقریری مقابلہ ہوا اور ججز کے متفقہ فیصلہ پر عبدالرحمن اور انظل افتخار نے ٹائٹل جیتا۔تقریب کے دوران رنر اپ طالب علموں کو بھی پگڑی اور شال کا تحفہ دیا گیا جبکہ ونر مقرر/مقررہ اور ان کے ٹیچرز کو 20/20 ہزار اور رنر اپ مقرر/مقررہ اور ان کے استاد کو 15/15 ہزار روپے کا نقد انعام ملا۔ اس موقع پر ونر اور رنر اپ مقرر/مقررہ نے شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا۔ ڈویژنل کمشنر نے شاندار تقریری مقابلہ میں مقرر/مقررہ فیصل آباد کا اعزاز حاصل کرنے والے طالب علموں،ان کے والدین،اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کرنے والے طالب علم ہمارے ہیروز ہیں۔انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ بچوں کو سراونچا کرکے جینا سکھائیں اور ان کی جدید خطوط پر تربیت کریں۔انہوں نے مقرر/مقررہ فیصل آباد مقابلہ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور اس عمدہ سوچ پر ڈپٹی کمشنر کی کاوش کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کو بھی ایسے ایونٹس کی تقلید کرنی چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقرر/مقررہ فیصل آباد ایونٹ کراناایک خواب تھا جسے آج عملی جامہ پہنایا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو 21ویں صدی کے چیلنجز کامقابلہ کرنے کے قابل بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ نصابی کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی لازم وملزوم ہیں اور ضلع کے پبلک وپرائیویٹ سکولز کے 480 طالب علموں کی تقریری مقابلہ میں شرکت خوش آئند اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ہارجیت کھیل کا حصہ لیکن لگن اورجستجو سے اپنا مقام قائم رکھنا ہوگا۔انہوں نے تقریب میں شرکت پر کمشنر ودیگر افسران کا شکریہ اداکیا۔سی ای اوایجوکیشن نے بتایا کہ مقرر/مقررہ فیصل آباد کے مقابلہ کے لئے پبلک سکولوں سے میٹرک کے 344 اور پرائیویٹ سے 136 طلباء وطالبات نے حصہ لیا اور تحصیل سطح پر مقابلے منعقد ہوئے جس کے لئے مختلف موضوعات مختص کئے گئے تھے۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان،سی ای او ایجوکیشن افتخارخان،اسسٹنٹ کمشنر سٹی وقاص صفدر، ڈی او سکینڈری ایجوکیشن ملک منظور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن سردار ساجد،سابق اعزازی ڈپٹی کمشنر مروا بسرا، اساتذہ،طالب علم،ججز اور صنعتکار حضرات بھی شریک تھے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button