پنجاب پولیس 2006 بیچ کے اہلکاروں کا شاندار ری یونین، بیس سال پرانی یادیں تازہ


فیصل آباد (94 نیوز) پنجاب پولیس کے سال 2006 بیچ کے اہلکاروں کا ایک پروقار اور یادگار ری یونین میٹ اپ فیصل آباد کی مقامی نجی مارکی میں منعقد ہوا، جس میں 160 سے زائد بیچ میٹس نے شرکت کی۔ بیس سال بعد ایک دوسرے سے ملاقات پر شرکاء جذباتی ہوگئے اور پرانی یادیں تازہ کرتے رہے۔تقریب کے منتظمین شاہد سیال، نوید بسرا اور شہزاد آصف منج نے دور دراز علاقوں سے آنے والے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ساتھیوں کی بھرپور شرکت اور محبت نے اس تقریب کو یادگار بنا دیا۔منتظمین کے مطابق 2006 بیچ کے متعدد اہلکار آج پنجاب پولیس اور دیگر سرکاری اداروں میں اہم ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، جن میں اے ایس آئی، سب انسپکٹر، انسپکٹر، ٹریفک وارڈن، پی سی ایس آفیسرز اور دیگر شعبہ جات شامل ہیں، جبکہ بعض بیچ میٹس تدریس سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔تقریب کی خاص توجہ پاکستان کبڈی ٹیم کے انٹرنیشنل کھلاڑی اور بیچ میٹ اکمل شہزاد ڈوگر رہے، جن سے شرکاء نے خصوصی ملاقاتیں کیں اور تصاویر بنوائیں۔ری یونین کے دوران ان ساتھیوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جو اس دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں۔ مرحومین کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ بیرونِ ملک مقیم بیچ میٹس کی کمی بھی شدت سے محسوس کی گئی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب پولیس کے جوان عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں اسی جذبے کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر پولیس فورس کی قربانیوں اور خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام، مرحوم ساتھیوں کی مغفرت اور تمام بیچ میٹس کی کامیابی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس کے بعد شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔



