کھیل

ٹی20،سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے بھارت کو کیا کرنا ہوگا؟

دبئی (94 نیوز) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی جنگ جاری ہے۔ پاکستان مسلسل 4 میچز جیت کر پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بناچکا ہے جبکہ گروپ کی 6 ٹیموں کو اپنا آخری میچ ابھی کھیلنا ہے، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔

گروپ 2 میں پاکستان 8 پوائنٹس کیساتھ پہلے نیوزی لینڈ 6 پوائنٹس کیساتھ دوسرے، بھارت 4 پوائنٹس کیساتھ تیسرے اور افغانستان 4 پوائنٹس پر نیٹ رن ریٹ کم ہونیکی وجہ سے چوتھے نمبر پر ہے۔
اگر بھارت کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے تو اسے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اتوار کے روز ہونیوالے میچ میں افغانستان کی کامیابی کی دعا کرنی ہوگی اور اپنا پیر کے روز ہونیوالا نمیبیا کیخلاف آخری میچ جیتنا ہوگا۔

اگر نیوزی لینڈ 7 نومبر کو افغانستان کو شکست دے دیتا ہے تو بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام اُمیدوں پر پانی پڑ جائیگا اور نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کیساتھ گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی۔

اگر افغانستان، نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہوگیا اور بھارت بھی نمیبیا کیخلاف جیتا تو گروپ 2 میں بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے 6،6 پوائنٹس ہوجائیں گے اور بھارت بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر ممکنہ طور پر سیمی فائنل میں پہنچ جائیگا۔ اسلئے اب بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچانے کی ذمہ داری ایک طرح سے افغانستان کے کاندھوں پر آگئی ہے۔
ایسی اگر مگر والی صورت حال میں سوشل میڈیا پر طرح طرح کے میمز شیئر کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی آف سپنر روی ایشون کا ایک بیان بہت سے لوگ ٹویٹ کر رہے ہیں ،یہ ٹویٹ کرک انفو نے کی جس میں افغان کرکٹر محمد مجیب کی تصویر کے ساتھ ایشون کا بیان درج کیا گيا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ ’یہ ایک عجیب کھیل ہے۔ افغانستان نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ ان کے ساتھ ہماری بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔
میری واقعی خواہش ہے کہ ہم مجیب کو کوئی فیزیو فراہم کر سکیں تاکہ وہ فیلڈ میں ہوں اور ہم بس اتنے کی امید کر سکتے ہیں‘۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button