واسا کے ایمرجنسی ریلیف کیمپس پر سٹاف چوبیس گھنٹے دستیاب ہو گا، ایم ڈی واسا

ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جاوید غنی نے قائم ایمرجنسی ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا

فیصل آباد (94 نیوز) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے شہر بھر میں قائم 9۔ ایمرجنسی ریلیف کیمپس کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کا حکم جاری کیا ہے جس پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن جاوید غنی نے قائم ایمرجنسی ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ لیا۔
ایم ڈی واسا نے واضح کیا ہے کہ واسا کے ایمرجنسی ریلیف کیمپس پر سٹاف چوبیس گھنٹے دستیاب ہو گا جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے فرائض پوری ذمہ داری سے انجام دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام 9 ایمرجنسی ریلیف کیمپس 15 ستمبر تک مکمل فعال رہیں گے اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ایم ڈی واسا عامر عزیز نے واضح کیا کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی شکایات کے فوری طور پر حل کے لئے ہمہ تن کوشاں ہے جس کے لئے تمام آپریشنز افسران اور سٹاف فیلڈ میں متحرک اور مستعد ہیں جبکہ تمام مشینری بھی آپریشنل ہے۔ واسا انتظامیہ کی جانب سے فراہمی و نکاسی آب کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں جبکہ واسا کے مون سون کنٹرول سیل کے فری ہیلپ لائن 1334 پریا کسی اور پلیٹ فارم پر شکایت موصول ہونے پر مختصر وقت میں اس کے ازالے کے لئے اقدامات شروع کردئیے جاتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ مون سون سیزن میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لئے پیشگی اقدامات کے تحت سیوریج لائن اور ڈرینج نالوں کی صفائی مہم اور ڈی سلٹنگ کا عمل مسلسل جاری ہے جس کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔



