میونسپل کارپوریشن حکام کی ملی بھگت سے کوہ نور سٹی میں واقع کمرشل عمارت میں بلڈنگ بائی لاز کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) میونسپل کارپوریشن حکام کی ملی بھگت سے کوہ نور سٹی میں واقع کمرشل عمارت میں بلڈنگ بائی لاز کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے۔کوہ نورسٹی سوسائٹی کی نشاندہی پر تین ماہ قبل منظور شدہ نقشہ کی خلاف ورزیوں پر عمارت کو سیل بھی کیا گیا لیکن بااثر مالکان نے از خود ہی عمارت کو ڈی سیل کرلیااور کام جاری رکھا۔ ڈی سیل کرنے پر محکمے کی جانب سے کوئی کارروائی بھی نہ کی گئی۔بتایا جاتا ہے کہ کوہ نور سٹی کے داخلی گیٹ پر چند ماہ قبل ایک بڑے کمرشل ہال کو دو الگ الگ بڑی دکانوں میں تقسیم کرکے فرنٹ سے داخلی دروازے بنا دیئے گئے۔ جبکہ تعمیر کے دوران میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حکام سے ملی بھگت کرکے رہائشی علاقہ کی گزر گاہ کی طرف ایک بڑا دروازہ تعمیر کرکے ایک الگ تیسری دوکان بنا کر نقشہ کی سنگین خلاف ورزی کردی گئی۔ مینجمنٹ کمیٹی کوہ نور سوسائٹی کے چیئرمین چوہدری محمد طفیل اور دیگر کی جانب سے کمشنر فیصل آباد اور سی او میونسپل کارپوریشن کو دی جانیوالی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلڈنگ کے بااثر مالکان ایک طر ف تو منظور شدہ نقشہ کی خلاف ورزیاں کرکے بلڈنگ کی تعمیر کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف کوہ نور سٹی کے رہائشی روڈ (نان کمرشل سڑک) کی طرف غیر قانونی طور پر بنائی گئی تیسری دوکان کا داخلی دروازہ بھی بنا دیا گیا ہے۔ جو نقشہ میں منظور ہی نہیں۔یہ دروازہ رہائشی علاقے میں بننے اور اسکی غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے رہائشیوں اور ان کے اہل خانہ کیلئے مشکلات کاباعث ہے۔عمارت کے ساتھ ملحقہ خالی پلاٹ کو نقشہ میں پارکنگ کیلئے ظاہر کرکے اس پر ضروری تعمیرات نہ کی گئیں اور اب گاڑیاں رہائشی کالونی کی سڑک پر پارک کروائی جارہی ہیں۔سوسائٹی انتظامیہ نے دی گئی درخواست میں کمشنر فیصل آباد اور سی او ایم سی ایف سے نوٹس لینے اور منظور شدہ نقشہ کی خلاف ورزی کرنے پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔



