قرآن پاک ہاتھ میں تھامے خاتون کی بے بسی بتا رہی ہے کہ مارنے والے سارے مرد کتنے غیرت مند ہیں، خواجہ آصف


اسلام آباد (94 نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلوچستان میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ریاست کیخلاف بندوق اٹھائی ہوئی ہے۔ وہ پہلے اس نظام کے خلاف آواز اٹھائیں جو آپ کے آس پاس رائج ہے۔ سارا پاکستان آپکے ساتھ کھڑا ہوگا۔ اس ظلم کے نظام کے ذمہ دار آپکے بھائی بند ہیں۔ دوسرے صوبوں سے آئے مسافر اور روزی روٹی کمانے والے مزدور نہیں ہیں جن نہتوں کو آپ گولیاں مارتے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا آپکی جدوجہد کی بنیاد منافقت ہے۔ آپکی شناخت وطن دشمنی ہے۔ ان دونوں بچوں نے پسند کی شادی کی۔ ڈیڑھ سال چھپ کر رہتے رہے پھر انہیں ڈھونڈ لیا گیا۔ جرگے نے واپسی کا جھانسہ دیا۔ وہ لوٹ آئے پھر جرگہ نے ان کی موت کا فیصلہ سنا دیا، پہلے لڑکے کو گولی ماری پھر لڑکی کو بھی گولیوں سے بھون دیا۔
خواجہ آصف کے مطابق قرآن پاک ہاتھ میں تھامے خاتون کی بے بسی بتا رہی ہے کہ اس کو مارنے والے یہ سارے مرد کتنے غیرت مند ہیں۔



