صحافی ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کے اہم رکن ہیں، ڈپٹی کمشنر

صدرپریس کلب شاہدعلی کی قیادت میں سیکرٹری عزادار حسین، سینئر نائب صدرجی اے تنویر، سابق صدر پریس کلب عبدالرحمن گجر، سابق سیکرٹری/چیئرمین ڈسپلن کمیٹی میاں کاشف فرید، چیف آرگنائزر وومن ایسوسی ایشن افشاں بتول، ایگزیکٹیو ممبر حناء رانا کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) صحافی ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کے اہم رکن ہیں جن کی نشاندہی سے عوامی مسائل کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے پریس کلب کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔صدرپریس کلب شاہدعلی کی قیادت میں سیکرٹری عزادار حسین، سینئر نائب صدرجی اے تنویر، سابق صدر پریس کلب عبدالرحمن گجر، سابق سیکرٹری/چیئرمین ڈسپلن کمیٹی میاں کاشف فرید، چیف آرگنائزر وومن ایسوسی ایشن افشاں بتول، ایگزیکٹیو ممبر حناء رانا اور دیگر عہدیداران ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات کے دوران صحافت کے کردار، باہمی تعاون اور انتظامی شفافیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) ندیم ناصر نے وفد کو خوش آمدید کہا اور میڈیا کے مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست کا چوتھا ستون اصلاحی اقدامات میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ میڈیا کو ریاستی و عوامی مفاد کے لئے اپنا قابلِ قدر شراکت دار سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جبکہ صحافی برادری کی سہولت کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔



