ریکوری ٹارگٹ پورا نہ کرنے والوں کوجواب دہ ہونا پڑے گا، چوہدری محمد آصف


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے فیلڈ سٹاف کو خبردار کیا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ریونیو ریکوری ٹارگٹ پورا نہ کرنے والوں کوجواب دہ ہونا پڑے گا لہٰذا نادھندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر کے بقایاجات کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف ڈی اے قیصر عباس رند کو ریکوری مہم کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ شعبوں کے لئے ڈیلی ٹارگٹ مقرر کر کے اس کے حصول میں کارکردگی کو چیک کریں۔ اس حوالے سے اے ڈی جی نے متعلقہ شعبوں کے افسران کا اجلاس طلب کر کے ریونیو ریکوری میں تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ایف ڈی اے سٹی میاں اظہار الحق، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریونیو ون ونڈو کائونٹر میاں اختر و دیگر افسران موجود تھے۔ اے ڈی جی نے ایونیو ریکوری میں سست روی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو ریکوری میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سٹاف کی جواب طلبی کی جائیگی۔ انہوں نے تاکید کی کہ نادھندگان کو فائنل نوٹسز جاری کریں اور ریکوری کے لئے ان سے فوری رابطہ کیاجائے ۔ انہوں نے حکم دیا کہ کمرشلائزیشن فیس کے بقایاجات ادا نہ کرنے والوں کی بلڈنگز کو سیل کریں اور واجبات کی ادائیگی تک ڈی سیل نہ کیاجائے۔ انہوں نے ون ونڈو کائونٹر کے شعبہ ریکوری کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مختلف فیسوں، جرمانوں یا دیگر وصولیوں پر کڑی نظر رکھیں اس سلسلے میں باریک بینی سے حسابات کی جانچ پڑتال کریں اور مالیات کی تشخیص میں کوئی فرق یا کمی نہیں ہونی چاہیئے۔ اے ڈی جی نے ایف ڈی اے سٹی کے نادھندہ الاٹیز کے خلاف خصوصی مہم کے بہتر نتائج حاصل کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ بقایااقساط، ڈویلپمنٹ چارجز اور ایڈیشنل ڈویلپمنٹ چارجز کی سو فیصد ریکوری کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دیں۔



