قومی

پارہ چنار میں جاری قتل وغارت کی مذمت کرتے ہیں، حکومت کی طرف سے اسلحہ جمع کرنے کا فیصلہ مستحسن اقدام ہے، مرکزی جمعیت اہلحدیث

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر مولانا عبد الرشید حجازی، حافظ محمد یونس آزاد، سید سبطین شاہ نقوی، خالد محمود اعظم آبادی، مہر محمد عبداللہ ودیگر نے پارہ چنار میں عرصہ دراز سے جاری قتل وغارت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے فریقین سے اسلحہ جمع کروانے کا فیصلہ انتہائی مستحسن اقدام ہے۔ اس سلسلہ میں تمام افراد کو امن وامان کی بحالی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے کرم پارا چنار کے سنگین حالات نے امت مسلمہ کے دلوں میں ایک گہری چوٹ لگائی ہے۔ ذاتی رقبہ اور مفادات کی جنگ میں اب تک سینکڑوں بے گناہ افراد مارے جا چکے ہیں۔ معصوم مسلمان جو اس ظلم و ستم کا نشانہ بن رہے ہیں، ان کے حق میں آواز اٹھانا ہمارا دینی اور اخلاقی فرض ہے کیونکہ اسلام تو امن پسند اور خیر خواہی کا دین ہے جو آپس میں ایک دوسرے کو قتل تو دور کی بات ذرا سا نقصان پہنچانے کی بھی اجازت نہیں دیتا مگر افسوس کہ آج اپنے آپ کو مسلمان کہنے والا ہی دوسرے مسلمان کو قتل کرنے کے درپے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیسا دین و اسلام ہے کہ جس کے نام لیوا ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہو چکے ہیں۔ بیرونی اسلحہ کے بل بوتے پر اپنوں کو ہی ذبحہ کرنے والے مسلمان تو دور کی بات انسان و پاکستانی بھی نہیں ہو سکتے مرکزی جمعیت اہلحدیث حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ پارا چنار کرم و دیگر علاقوں میں فی الفور فوجی آپریشن کر کے ان علاقوں کو بلا تفریق اسلحہ سے پاک کیا جائے تاکہ آئے روز ہونے والی خون ریزی و قتل و غارت گری کو روکا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button