اوورسیز پاکستانیوں نے ترسیلات زر ملک بھیجنے کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے


کراچی (94 نیوز) اوورسیز پاکستانیوں نے ڈالرز وطن بھیجنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیاہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اوور سیزپاکستانیوں نے ایک سال میں 38 ارب 30 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے، مالی سال 25-2024 میں ترسیلات زرکی آمد میں 27 فیصد اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 25-2024 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اوورسیز پاکستانیوں نے 8 ارب ڈالرز زیادہ بھیجے۔ رپورٹ کے مطابق جون 2025 پاکستانی محنت کشوں نے 3 ارب 40 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز وطن بھیجے، جون 2024 کے مقابلے میں ترسیلات زر میں 8 فیصد اضافہ ہوا۔ معاشی ماہرین کے مطابق ترسیلات زر بڑھنے سے پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جون میں سب سے زیادہ 82 کروڑ 32 لاکھ ڈالر سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے بھیجے، دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 71 کروڑ 72 لاکھ ڈالر یو اے ای سے پاکستانیوں نے وطن بھیجے، برطانیہ سے 53 کروڑ 76 لاکھ ڈالر اور امریکا سے 28 کروڑ 12 لاکھ ڈالر پاکستانیوں نے وطن بھیجے۔



