یوم دفاع پاکستان شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، طلحہ سلیم ایڈووکیٹ


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری فیصل آباد طلحہ سلیم ایڈووکیٹ نے یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک ایسا روشن باب ہے جو قوم کو شجاعت، اتحاد، قربانی اور وطن سے وفاداری کا درس دیتا ہے۔ یہ دن ہمیں ان عظیم شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ 1965ء میں پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اپنی آزادی، خودمختاری اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔ آج بھی شہداء کا جذبۂ حب الوطنی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔طلحہ سلیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ دفاعِ وطن صرف سرحدوں کی حفاظت کا نام نہیں بلکہ ملک کے آئین، قانون، جمہوری اقدار، معاشی استحکام اور قومی یکجہتی کا تحفظ بھی قومی ذمہ داری ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوریت، آئین کی بالادستی، وفاقی اکائیوں کے حقوق اور مضبوط و مستحکم پاکستان کی داعی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے حالات میں سیاسی و ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔ مضبوط معیشت، تعلیم، روزگار، انصاف اور امن کے ذریعے ہی پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ریاست بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم شہداء کے خون کی لاج رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔طلحہ سلیم ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وحدت کے تحفظ کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ شہداء پاکستان ہمارا قومی سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ تاریخ کے سنہری ابواب میں زندہ رہیں گی-



