قومی

ڈائریکٹر لائیو سٹاک ندیم بدر کا لمپی سکن کے حوالے سے مویشی منڈیوں کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے فیصل آباد ڈویژن کی مختلف مویشی منڈیوں کا معائنہ کیااورمویشیوں میں لمپی سکن ڈیزیز (LSD) کی جانچ اور اس کے تدارک کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر سید ندیم بدر نے نیاموآنہ مویشی منڈی (سمندری روڈ فیصل آباد) اور جھنگ روڈ چنیوٹ مویشی منڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اس بیماری کی روک تھام کے لئے کئے گئے حفاظتی و کنٹرول اقدامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے منڈیوں کے داخلی و خارجی راستوں پر ڈس انفیکشن/ چیچڑ اور مکھی مار سپرے اور بائیو سکیورٹی انتظامات کو چیک کیا تاکہ جانوروں کی آمدورفت کے دوران بیماری کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔دورے کے موقع پر دونوں منڈیوں میں موبائل ویٹرنری ڈسپنسری ٹیمیں موجود تھیں جو لمپی سکن ڈیزیز کی نگرانی، جانچ اور جانوروں کے فوری علاج معالجے کی فراہمی میں مصروف عمل تھیں۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے موقع پر موجود عملے کی کارکردگی کو سراہا،حاضری رجسٹر کا معائنہ کیا اور ٹیموں کو بیماری پر قابو پانے کے لئے مسلسل الرٹ اور متحرک رہنے کی ہدایات جاری کیں۔مزید برآں کمشنر فیصل آباد ڈویژن کی ہدایات پر تمام مویشی منڈیوں میں قرنطینہ مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ مشتبہ جانوروں کو بروقت الگ اور محفوظ رکھا جا سکے۔ یہ مراکز کیٹل مارکیٹ کمیٹیوں اور محکمہ لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن کی مشترکہ نگرانی میں فعال طور پر کام کر رہے ہیں۔ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ان قرنطینہ مراکز کا بھی معائنہ کیا جو کارکردگی اور صفائی کے لحاظ سے تسلی بخش پائے گئے۔دورے کے دوران کسی بھی جانور میں لمپی سکن ڈیزیز کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ مزید احتیاطی اقدامات کے طور پر انسیکٹی سائیڈ اور ٹک کنٹرول سپرے بھی کرائے گئے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کے خدشات کو مزید کم کیا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button