Director General FDA Mohammad Asif Chaudhry reached them to celebrate Independence Day with special children and cut the cake


Faisalabad (94 news) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے تنظیم اللسان میں زیر تعلیم خصوصی بچوں کے ساتھ جشن آزادی کیک کاٹا اور مختلف معذوریوں میں مبتلا بچوں سے پیار و شفقت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یوم آزادی کی مبارک باد دی ۔ وہ تنظیم اللسان کے مرکزی کیمپس دھوبی گھاٹ میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریب میں مہمان خصوصی تھے جس میں تنظیم اللسان کے مختلف اداروں میں زیر تعلیم خصوصی بچوں اور ان کے والدین نے شرکت کی۔صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد، جنرل سیکرٹری سبحان علی ،ممبر مجلس عاملہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم، غلام ربانی ، ایزد محمود ایڈووکیٹ ، پرنسپل کلثوم افتخار ، وائس پرنسپل شائستہ ارشاد اور فیکلٹی ممبرز اس موقع پر موجود تھیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے جشن آزادی کی خوشیوں کے حوالے سے سپیشل بچوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک خوش کن احساس ہے جس کی خوشیوں میں خصوصی افراد سمیت معاشرے کے تمام طبقات شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی منانے کا تقاضا ہے کہ ہم ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کےساتھ ساتھ معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح وبہبود اور بھلائی کے اقدامات میں بڑھ چڑھ حصہ لیں اس سلسلے میں خصوصی افراد پر گہری توجہ دیتے ہوئے انہیں قومی ترقی میں شامل رکھا جائے۔انہوں نے خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت اور بحالی کیلئے تنظیم اللسان کی عمدہ سروسز کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن کے شعبے میں حکومت کے شانہ بشانہ فلاحی خدمات انجام دینے والی رضاکار تنظیمیں عظیم کار خیر میں حصہ لے رہی ہیں جن کی ہرسطح پر سرپرستی جاری رکھی جائیگی۔ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے جشن آزادی کی خوشی میں سپیشل بچوں کے ساتھ پرچمی غبارے فضا میں چھوڑے اور ملی نغموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں جا کر متاثرہسماعت ، جسمانی و ذھنی معذور اور آئٹزم بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے جاری سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیا اور تمام سروسز کو مثالی قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خصوصی بچوں کو عنقریب ایف ڈ ی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں مدعو کرکے انہیں ان ڈور گیمز اور دیگر تفریحی سہولیات سے مستفید کریں گے ۔ صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اس فلاحی تنظیم کے زیر اہتمام پلے گروپ سے لیکر پوسٹ گریجویشن کی سطح کی تعلیم کے علاوہ مختلف فنون میں تربیت فراہم کی جارہی ہے جس سے وہ روزگار کمانے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کو قومی تہواروں اور سماجی خوشیوں کے پروگرامز میں شرکت کے بھرپور مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔



