وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ” گھر ہو تو اپنا ” کے حوالے سے اسٹیٹ بنک مینجر کی ڈی جی ایف ڈی اے کیساتھ ملاقات


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ” گھر ہو تو اپنا ” کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری سے چیف منیجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان فوزیہ اسلم نے ایف ڈی اے کمپلیکس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مختلف کمرشل بینکوں کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں "گھر ہو تو اپنا” پروگرام کے لئے خواہش مند درخواست گزاروں کو ہاؤس فنانس کی منظوری میں انتظامی و دفتری سہولیات کی فراہمی کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور اس کی مؤثر عملدرآمد کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسماء محسن، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ، افنان سعید سندھو و ایف ڈی اے کے دیگر متعلقہ افسران موجود تھےجبکہ ڈپٹی چیف مینجر سٹیٹ بلال احمد، اسسٹنٹ مینجر بختاور عباس، ریجنل سیلز مینجر حبیب اسلامک بنک عابد حسین،ایریا سیلز مینجر میزان بنک محمد عرفان ودیگر بنک افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف منیجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ "گھر ہو تو اپنا” پروگرام کے تحت 10 مرلہ رقبہ تک کے رہائشی گھر کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ روپے تک قرضہ جات فراہم کئے جا رہے ہیں جس پر صرف دس سال تک کے لئے 5 فیصد سالانہ مارک اپ مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے پروگرام کے تحت قرضہ جات کی فراہمی، طریقۂ کار اور بینکوں کی پیش رفت سے متعلق تفصیلات بھی شرکاء کے ساتھ شیئر کیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضہ جات کے حصول کے لئے ملک بھر میں مجموعی طور پر 76 ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوچکی ہیں جن میں سے 18 ہزار سے زائد کی منظوری اور تین ہزار درخواست گزاروں کو قرضہ جات فراہم کئے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں مربوط حکمت عملی اور مضبوط محکمانہ روابط کے لئے سٹیٹ بینک اور ایف ڈی اے کے فوکل پرسنز مقرر کئے گئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے افسران کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے اس قومی پروگرام کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ قرضہ جات کی منظوری کے لیے درکار این او سی سمیت تمام دفتری کارروائیاں ترجیحی بنیادوں پر تیز رفتاری سے مکمل کی جائیں گی تاکہ شہری اس سہولت سے بروقت مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ کا شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور اپنا ذاتی گھر ہر شہری کی بنیادی ضرورت اور دیرینہ خواہش ہے۔ وزیراعظم پاکستان اور حکومت پنجاب کی جانب سے متعارف کرائی گئی ہاؤسنگ فنانس اسکیمیں عوام کو باعزت رہائش کی سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم اور قابلِ تحسین اقدام ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر رہائشی گھروں کی ضرورت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، لہٰذا ایسے منصوبے نہ صرف عوام کی رہائشی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ تعمیراتی صنعت، روزگار کے مواقع اور مجموعی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایف ڈی اے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے اور حکومتی ہدایات پر مؤثر عملدرآمد کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔


