Events / Seminars

Nusrat Fateh Ali Khan's 78th birthday celebration with Director General FDA as Chief Guest

Faisalabad (94 News City Reporter) موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور عالمی شہرت یافتہ قوال استاد نصرت فتح علی خان کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر استاد نصرت فتح علی خان اکیڈمی لندن، فیصل آباد کے زیر اہتمام پکچرز گیلری، میونسپل لائبریری میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (FDA) محمد آصف چوہدری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، استاد نصرت فتح علی خان کی زندگی کی نایاب اور تاریخی تصاویر کی نمائش کی گئی اور ان کی لازوال فنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں اکیڈمی کے ڈائریکٹرز میاں بشیر احمد اعجاز، شاہد نسیم اور حمید شاکر، سیاسی رہنما رانا نعیم دستگیر، تاجر رہنما اسلم بھلی، سینئر صحافیوں مقبول لودھی اور جاوید صدیقی، ماہرینِ تعلیم شبیر قادری اور ریاض قادری، مقامی شعراء شہزاد بیگ اور کامران رشید سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور استاد نصرت فتح علی خان کے مداحوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان پاکستان کا عظیم ثقافتی سرمایہ ہیں، جنہوں نے اپنی منفرد آواز اور لازوال فن کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا اور قوالی کو عالمی سطح پر نئی شناخت عطا کی۔ انہوں نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی یاد میں ایسی تقریبات نئی نسل کو اپنے عظیم فنکاروں کی خدمات سے روشناس کرانے اور قومی ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ محمد آصف چوہدری نے پکچرز گیلری میں استاد نصرت فتح علی خان کے خصوصی کارنر میں ان کی زندگی کی نایاب اور تاریخی تصاویر کی نمائش اور شاندار تقریب کے انعقاد پر فوٹو جرنلسٹ میاں بشیر احمد اعجاز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر کی تاریخ و ثقافت سے ان کی گہری دلچسپی اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے خدمات قابلِ تحسین ہیں؛ ایسی کوششیں فیصل آباد کی تہذیبی شناخت کو اجاگر کرنے اور آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے میں نمایاں اہمیت رکھتی ہیں۔ سیاسی رہنما رانا نعیم دستگیر نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی بے مثال گائیکی پاکستان کی پہچان ہے اور ان کی فنی عظمت کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔
فوٹو جرنلسٹ میاں بشیر احمد اعجاز نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان کی نایاب تصاویر محفوظ کرنے کا مقصد ان کی زندگی، فن اور فیصل آباد سے وابستہ ثقافتی یادوں کو نئی نسل تک پہنچانا ہے۔ تاجر رہنما اسلم بھلی نے کہا کہ استاد نصرت فتح علی خان جیسے عظیم فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور ان کی خدمات کو زندہ رکھنا ہماری مشترکہ ثقافتی ذمہ داری ہے۔ تقریب کے دوران استاد نصرت فتح علی خان کی لازوال فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان کے فن، موسیقی اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button