محکمہ سوشل ویلفیئر کی سروس ڈلیوری کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ


لاہور (94 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ سوشل ویلفیئر کی سروس ڈلیوری کو مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت نئے تعینات ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت محکمہ کے پنجاب بھر سے تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے مختلف ونگز کی کارکردگی میں بہتری کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے این جی اوز کی رجسٹریشن، ریگولیشن اور مانیٹرنگ کے نظام میں ضروری اصلاحات لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے رجسٹریشن اور ریگولیٹری ایس او پیز کا جامع جائزہ لے کر نظرثانی شدہ ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے رجسٹرڈ این جی اوز کے بینک اکاؤنٹس کی شناخت اور تصدیق کے لیے مؤثر نظام وضع کرنے اور مقامی و بین الاقوامی منصوبوں کی منظوری کے لیے فریم ورک تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔
صوبائی وزیر نے این جی او ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے رجسٹرڈ این جی اوز کی خدمات سے بہتر استفادہ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پنجاب بھر کے صنعت زاروں کی گزشتہ 2 سالہ کارکردگی پر مشتمل جامع پریزنٹیشن دو ہفتوں میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے تربیت حاصل کرنے والے افراد، آمدن، مارکیٹ لنکیجز، مصنوعات کی ڈیزائننگ و پیداوار میں موجود خلاء، خصوصی افراد کے لیے سہولیات، بجٹ اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ طلب کی۔
اجلاس میں میڈیکل سوشل سروسز یونٹس (ایم ایس ایس یوز) کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے مستحق اور غریب مریضوں کو بروقت سہولیات اور مالی معاونت کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے ایم ایس ایس یوز کے عملہ، مستقبل کی توسیع، سروسز میں بہتری، آگاہی مہم اور فنڈز کے استعمال سے متعلق جامع پریزنٹیشن 2 ہفتوں میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے پاکستان بیت المال اور پنجاب بیت المال کے ذریعے مریضوں کی معاونت کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی پریزنٹیشن طلب کی۔
سہیل شوکت بٹ نے ایم ایس ایس یوز میں تعینات اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے لیے روٹیشن پالیسی تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی ایک ہسپتال میں ایم ایس ایس یو کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی کی مدت دو سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔ اجلاس میں بزرگ شہریوں سمیت مستحق افراد کے ریفرل، اسیسمنٹ اور بحالی کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کے بروقت حل اور محکمہ کی سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔



