قومی

سروس ڈیلیوری کیلئے جدید اصلاحات کو کامیاب بنائیں، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے

فیصل آباد (94 نیوز) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی ہے کہ ایف ڈی اے کے مختلف شعبوں میں تیز رفتار سروس ڈیلیوری کیلئے جدید اصلاحات کو کامیاب بنائیں تاکہ ادارہ پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور خاں چدھڑ راجپوت اور چیف انجینئر مہرایوب سمیت مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے درخواست گزاروں کو جلد ریلیف کی فراہمی کیلئے تیز رفتار محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے بعض شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے خبردار کیا کہ اونر شپ سرٹیفکیٹس، ٹاؤن پلاننگ رپورٹس اور مختلف این اوسی کے اجراء میں بے جا تاخیرکو قعطاً برداشت نہیں کیاجائیگا اور سرکاری کام میں لیت و لعل یا عدم توجہی کا مظاہرہ کرنیوالے اہلکار کا سخت محاسبہ ہوگا۔انہوں نے قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے افسران کو محکمانہ اہداف تفویض کئے۔ انہوں نے کہا کہ نادھندگان سے بقایاجات کی سو فیصد وصولی، ایف ڈی اے کی جائیدادوں کو منافع بخش بنانے، غیر قانونی کمرشلائزیشن کے فعل کو باقاعدگی سے چیک کرنے، غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف فوری ایکشن، تجاوزات وغیر تعمیرات کو روکنے اور غیر ترقیاتی اخراجات کو کنٹرول کرنے سمیت دیگر محکمانہ کاروائیوں کو نتیجہ خیز بنائیں تاکہ ادارہ کا وجود نمایاں طور پر نظر آئے۔ ڈائریکٹر جنرل نے سختی سے تلقین کی کہ چیف منسٹر کمپلینٹ سیل و دیگر فورمز یا براہ راست موصول ہونیوالی عوامی شکایات پر پوری توجہ دیں اور ان کے ازالہ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے اخراجات کے حوالے سے حکومت پنجاب کی کفایت شعاری مہم کی سختی سے پابندی کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ سٹاف میں معقول حد تک کمی لانے کیلئے تجاویز مرتب کی جائیں تاکہ حکومت پنجاب کی ریشنلائزیشن پالیسی پر قابل قبول عملدرآمد ہوسکے۔ڈائریکٹر جنرل نے تمام شعبوں کے انچارج افسران سے کہاکہ وہ ماتحت سٹاف کی دفتری کارکردگی کو روزانہ چیک کریں اور اہداف کے حصول کیلئے انہیں ہمہ وقت متحرک رکھا جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button