قومی

فیصل آباد: ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے نابینا خاتون کی خود کشی کی کوشش ناکام بنا دی

فیصل آباد (94 نیوز) فیصل آباد میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی بروقت کارروائی کے باعث نابینا خاتون کی جان بچا لی گئی۔

ترجمان سیف سٹی کے مطابق خاتون نے گھریلو مسائل سے تنگ آ کر 15 پر کال کی اور خودکشی کی خواہش کا اظہار کیا، تاہم وہ ذہنی دباؤ کے باعث اپنا نام یا پتا بتانے سے قاصر تھی۔صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے نہایت مہارت، تحمل اور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو بات چیت کے ذریعے خودکشی سے باز رکھا۔ سیف سٹی آفیسر نے ضروری معلومات حاصل کیں اور فوری طور پر متعلقہ پولیس کو جائے وقوع پر روانہ کر دیا۔

پولیس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو تلاش کیا اور موقع پر ضروری مدد فراہم کرنے کے بعد اُسے محفوظ طریقے سے دارالامان منتقل کر دیا، جہاں اس کی حفاظت اور بحالی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا پہلا ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن اب تک 5 لاکھ سے زائد کیسز میں بروقت معاونت فراہم کر چکا ہے۔ شہریوں، بالخصوص خواتین کو پیغام دیا گیا ہے کہ کسی بھی پریشانی یا خطرے کی صورت میں فوری طور پر 15 پر کال کریں اور 2 دباکر ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں تاکہ بروقت اور محفوظ مدد حاصل کی جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button