فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبے مقرر ٹائم لائن کے مطابق مکمل کئے جائیں، صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) اور سی ایم پیکج کے تحت ترقیاتی سکیموں پر فوکس کرتے ہوئے مقرر ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر حفاظتی انتظامات مکمل رکھے جائیں کیونکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے دورہ فیصل آباد کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کے ہمراہ واسا ہیڈ آفس کا وزٹ کیا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور سی ایم پیکج کی ترقیاتی سکیموں بارے تفصیلی بریفنگ لی۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بتایا کہ سی ایم پیکج کی ترقیاتی سکیموں پر 70 فیصد سے 90 فیصد تک کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیموں پر 30 فیصد سے زائد مکمل کر لیا جائے گا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے ڈپٹی کمشنرکے ہمراہ اعوان چوک گلستان کالونی سائٹ کا دورہ کیا جہاں پر نگہبانپورہ کے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لئے پائپ لائن بچھائی جارہی ہے۔ انہوں نے وہاں پر بچھائے جانے والے پائپس کی کوالٹی کو چیک کیا اور کہا کہ ترقیاتی سکیموں پر حفاظتی انتظامات ہر صورت مکمل رکھے جائیں۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ ترقیاتی سکیموں میں استعمال ہونے والے پائپس سمیت دیگر تمام میٹریل اعلیٰ کوالٹی کا استعمال کیا جائے جبکہ ان ترقیاتی سکیموں کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ فنڈز کے استعمال کو شفاف رکھا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی تعمیراتی رفتار کو مزیدتیز کیا جائے جبکہ ہر سکیم کو اینڈ ٹو اینڈ مکمل کیا جائے اور ان تمام ترقیاتی سکیموں کو مقررہ کردہ ٹائم لائن کے مطابق ہر صورت مکمل کرنا لازمی ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے واضح کیا کہ فیصل آباد کے سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور ان ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل پر ان کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہیے۔



