فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے نتائج کا اعلان کردیا، کامیابی کا تناسب79.63 فیصد رہا، تقریب کی مہمان خصوصی کمشنر مریم خان تھیں


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان میٹرک (اول)سالانہ 2025ء کے نتائج کا اعلان کر دیا – کمشنر فیصل آباد ڈویژن و چیئرپرسن بورڈ مریم خان نے آن لائن نظام کے تحت لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر باضابطہ طور پر نتائج کا اعلان کیا۔ جس کے ساتھ ہی نتائج بورڈ کی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ ہو گئے میٹرک امتحانات 2025ء میں کل 1 لاکھ 73 ہزار 239 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 1 لاکھ 37 ہزار 948،امیدوار کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 79.63 فیصد رہا۔اس موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب تقسیم انعامات میں کمشنر مریم خان نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو گارڈ آف آنر، لیپ ٹاپس اور نقد انعامات سے نوازا۔ انہوں نے کامیاب امیدواروں کو ان کی شاندار کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور انہیں تلقین کی کہ وہ مزید محنت سے کام لے کر ملک، والدین اور اساتذہ کا نام مزید روشن کریں۔کمشنر مریم خان نے آرٹس گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے ایک بھٹہ مزدور کے بیٹے کو خصوصی طور پر سراہا اور اسے شاباش دی، جس نے نامساعد حالات کے باوجود نمایاں کامیابی حاصل کر کے ایک مثال قائم کی۔کمشنر فیصل آباد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت ہی زندگی میں کامیابی کی کنجی ہے۔ ہماری نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ انتھک محنت کریں تاکہ ان کا مستقبل روشن ہو اور وہ ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھ سکیں -تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی، سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر جبیب الرحمن، پوزیشن ہولڈرز کے والدین، اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے افسران نے بھی شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر کمشنر مریم خان نے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج فیصل آباد میں ایک یادگاری پودا بھی لگایا۔




