معصوم شہریوں کے قتل اور مساجد جیسے مقدس مقامات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بشپ اندریاس رحمت


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) بشپ اندریاس رحمت نے اپنے ایک سخت موقف میں بھارتی جارحیت’ معصوم شہریوں کے قتل، اور مساجد جیسے مقدس مقامات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں نے جو روش اختیار کی ہے، وہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور مذہبی آزادیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بشپ اندریاس نے کہا کہ پاک فوج نے جس دلیری اور حکمت کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، جو دن رات ملک کی حفاظت کے لیے سینہ سپر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا ہدف نہ صرف سرحدی علاقوں کے عوام بنے بلکہ عبادت گاہیں، خصوصا ًمساجد بھی اس درندگی کا شکار ہوئیں۔ یہ عمل نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ تمام عالمی مذاہب کی تعلیمات کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔بشپ اندریاس رحمت نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی ان مذموم کارروائیوں کا نوٹس لیں اور خطے میں قیامِ امن کے لیے فوری اقدامات کریں۔آخر میں انہوں نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اور قوم ان کے لہو کا قرض کبھی نہیں بھولے گی۔



