قومی

جھمرہ ضمنی انتخاب، 168پولنگ سٹیشنز قائم کردئیے گئے

فیصل آباد (94 نیوز) صوبائی اسمبلی فیصل آباد کے حلقہ پی پی 97 جھمرہ 1 میں 17جولائی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب میں 255884 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخاب کے لئے جھمرہ میں 168پولنگ سٹیشنز اور 550پولنگ بوتھ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ مذکورہ حلقہ کے ریٹرننگ آفیسر و ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر فیصل آباد باسل اکرم نے اے پی پی کو بتایاکہ حلقہ پی پی 97میں مرد ووٹرز کی تعداد 138463اور خواتین ووٹرز کی تعداد 117421ہے اسطرح اس حلقہ میں کل 255884ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ضمنی انتخاب کیلئے 68مردانہ اور 64زنانہ و 36کمبائنڈ پولنگ سٹیشنز سمیت کل 168پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ پی پی 97میں مردوں کے پولنگ بوتھس کی تعداد 291اور خواتین کے پولنگ بوتھس کی تعداد 259ہو گی اس طرح مرد و خواتین ووٹرز 550پولنگ بوتھس پر ووٹ ڈال سکیں گے۔ریٹرننگ آفیسر نے بتایاکہ ان پولنگ سٹیشنز پر 168پریذ ائیڈنگ افسران کے علاوہ اسسٹنٹ پریذ ائیڈنگ افسران کے علاوہ معاون سٹاف کا تقرر کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان تمام پولنگ سٹیشنز پرعملہ کو پہنچانے اور واپس لانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی وساطت سے مطلوبہ ٹرانسپورٹ کا بندو بست بھی کر لیا گیا ہے جبکہ انتخابی میٹریل بحفاظت لانے و لے جانے سمیت سکیورٹی امور کے سلسلہ میں 3ہزار کے قریب پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے اسی طرح ریزرو عملہ و دیگر سہولیات بھی الرٹ ہوں گی۔انہوں نے بتایاکہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کی جانب سے ہر قسم کے تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ اسلحہ کی نمائش بھی سختی سے ممنوع ہو گی۔انہوں نے بتایاکہ تمام امیدواران سے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدر آمد کروایا جائے گا اور کسی کو قانون شکنی کی اجازت نہیں ہو گی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button