تاندلیانوالہ: ایک ماہ قبل اغواء ہونیوالی 15 سالہ بچی تاحال بازیاب نہ ہوسکی، سیاسی دباؤ پولیس کی راہ میں رکاوٹ بن گیا


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر )تھانہ تاندلیانوالہ کے علاقہ میں ایک ماہ قبل اغواء ہونیوالی بچی تاحال بازیاب نہ ہوسکی، 26مسلح افراد نے علی الصبح گھر پر دھاوا بول دیا۔ 15سالہ بھانجی سونبر کو قتل کے ارادے سے اغواء کیا، بھائی اور ہمشیرہ کو زخمی کرکے ملزمان فرار ہوگئے، مقدمہ درج ہونے کے ایک ماہ بعد بھی بچی بازیاب نہ کروائی جاسکی، سیاسی دباؤ کے آگے تھانہ تاندلیانوالہ سٹی کی پولیس بے بس، آر پی او فیصل آباد ،سی پی او فیصل آباد سے پریس کلب میں پریس کانفرنس کے ذریعے انصاف کی اپیل۔
تفصیلات کیمطابق چک نمبر 425گ ب تحصیل تاندلیانوالہ کے رہائشی الطاف حسین نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مورخہ 02-03-26کو علی الصبح ظفر عرف بگو،مظفر، بابر، غلام قادر وغیرہ 26افراد مسلح کلاشنکوف و آتشیں اسلحہ سے انکے گھر پر حملہ آور ہوگئے، انہوں نے گھر میں داخل ہوکر بھانجی مسمات سنوبر بی بی بعمر 14/15 سال کو قتل کے ارادے سے اغوا کرلیا۔ بھائی ابرار اور ہمشیرہ زیبا بی بی کو مزاحمت پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کرتے ہوئے بھانجی کو اغوا ء کرکے لے گئے۔ تھانہ سٹی تاندلیانوالہ میں مقدمہ کے اندراج کو ایک ماہ کا عرصہ ہوگیا لیکن تاحال پولیس میری بھانجی کو بازیاب نہ کراسکی ملزمان سیاسی اثرو رسوخ رکھتے ہیں جس کی وجہ سے پولیس ہمارے نامزد ملزمان سے ہماری بھانجی کو بازیاب کرانے سے قاصر ہے تاحال ہمیں معلوم نہیں کہ ہماری بچی کس حال میں ہے۔ آج کی اس پر یس کانفرنس کے ذریعے ہم آئی جی پنجاب ،آر پی او فیصل آباد اور سی پی او فیصل آباد سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ہماری نابالغ بھانجی کو بازیاب کروایا جائے۔



