برونائی، ملائیشیا میں اتوار کو پہلا روزہ ہوگا


(94 نیوز) برونائی دارالسلام اور ملائیشیا میں پہلا روزہ اتوار کو ہوگا۔ برونائی دارالسلام میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔ بندر سری بگاوان سے عرب میڈیا کے مطابق اب برونائی دارالسلام میں اتوار 2 مارچ کو یکم رمضان المبارک ہوگی۔
ادھر کینبرا سے عرب میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے مفتی اعظم ڈاکٹر ابراہیم نے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریلیا میں ہفتہ یکم مارچ کو پہلا روزہ ہوگا۔ آسٹریلیا کے وزیراعظم نے رمضان المبارک کی آمد پر مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔
جکارتہ سے عرب میڈیا کے مطابق انڈونیشیا نے ہفتہ یکم مارچ کو پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
جبکہ پڑوسی ملک ملائیشیا میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ کوالالمپور سے عرب میڈیا کے مطابق ملائیشیا میں اتوار 2 مارچ کو پہلا روزہ ہوگا۔
دوسری جانب سعودی محکمہ فلکیات کا کہنا ہے کہ مملکت میں رمضان کا چاند آج نظر آنے کی امید ہے، ام القری کیلنڈر کے حساب سے آج شعبان کی 29 تاریخ ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ ریاض، مکہ، مدینہ، عسیر، القسیم، الشرقیہ، الباحہ میں موسم ابر آلود ہے۔



