تقریبات/سیمینارز

ایوب ریسرچ میں فیلڈ ونگ کے زیراہتمام ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن اسکیم پنجاب کے تحت نمائش کا انعقاد

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ایوب ایگریکلچر ریسرچ فیصل آباد میں محکمہ زراعت پنجاب کے فیلڈ ونگ کے زیراہتمام نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیق پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمٰن نے کیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچرل انجینئرنگ (فیصل آباد ریجن) انجینئر عمر علی رندھاوا،ڈائریکٹر ایگریکلچرل انجینئرنگ فیصل آباد ڈویژن انجینئر منظور احمد سیال، ڈائریکٹر ایگریکلچرل انجینئرنگ (ریسرچ) انجینئر مقصود احمد، ڈائریکٹر ایگریکلچرل انجینئرنگ (ٹیکنیکل) انجینئر قیصر محمود، ڈائریکٹر ایگریکلچرل انجینئرنگ (پلاننگ) انجینئر شاہد حسین، ڈائریکٹر سرگودھا ڈویژن فہیم، ڈپٹی ڈائریکٹر (مانیٹرنگ) انجینئر اسرار کاظم سمیت اضلاع جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ انجینئرز نے شرکت کی۔فیصل آباد ریجن سے ترقی پسند کسانوں کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی جس سے تقریب کی اہمیت اور افادیت واضح ہوئی۔ اس موقع پر بینک آف پنجاب کے ریجنل ہیڈ اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی تاکہ کسانوں کو مالی سہولیات اور قرضہ جات کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جا سکے۔یہ نمائش ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن اسکیم پنجاب کے تحت منعقد کی گئی۔ ہائی ٹیک میکانائزیشن اسکیم دراصل حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے جس کا مقصد زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینا، پیداواری لاگت میں کمی لانا اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت کسان حکومت پنجاب کے تعاون سے پانچ سال کی مدت کے لیے تین کروڑ روپے تک کا قرض حاصل کر کے جدید زرعی مشینری خرید سکتے ہیں۔ اس سہولت کے ذریعے کسان ہائی ٹیک مشینری مثلاً رائس ہارویسٹر، رائس ٹرانسپلانٹر، جدید کمبائن، اور ہائی پاور ٹریکٹرز حاصل کر کے اپنی زرعی استعداد میں نمایاں اضافہ کر سکتے ہیں۔نمائش میں مختلف کمپنیوں کی جانب سے جدید زرعی آلات پیش کیے گئے جن میں کبوتا کمپنی کے رائس ہارویسٹر اور رائس ٹرانسپلانٹر سمیت دیگر جدید مشینری شامل تھی۔ کسانوں نے مشینری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کی۔تقریب کا بنیادی مقصد جدید زرعی ٹیکنالوجی کو عام، کسانوں کو سہولیات فراہم اور صوبہ پنجاب میں زرعی ترقی کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button