

فیصل آباد (94 نیوز) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی زیر صدارت سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سپورٹس کمپلیکس کے لئے ممبر شپ کے آغاز کے طریقہ کار،شرائط اور حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر نے سپورٹس کمپلیکس میں ان ڈور گیمز سمیت دستیاب دیگر تفریحی سہولیات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کو کھیلوں وتفریحی سرگرمیوں کی وسعت کے لئے منفرد آئیڈیاز کے ساتھ زیادہ سے زیادہ پرکشش بنائیں جبکہ صحت افزاء اس منصوبے کی مزید ترویج وترقی کے لئے فیوچر پلان کو زیر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کو تفریح طبع، فیملی اجتماعات، سماجی تقریبات کے انعقاد ومیل جول اور اس جیسی دیگر سرگرمیوں کے لئے درکار سہولیات کا اضافہ کرنے کیلئے ابھی سے پلاننگ کی جائے۔ کمشنر نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس میں سینما کی تفریح کااضافہ، نیوٹریشن کلینک کے قیام، گیسٹ رومز کی دستیابی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی منصوبہ بندی بھی کریں۔
انہوں نے کارپوریٹ ممبر شپ کرنے کی گنجائش رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے اس منصوبے سے نامور اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو ابھارنے کیلئے سپورٹس پرسنز کو خصوصی مراعات فراہم کی جائیں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ ان ڈور گیمز کی سہولیات کے اعلی معیار اور عمدہ سروسز اور فول پروف نظم وضبط میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں ممبرشپ کیلئے مختلف فیسوں کے تعین،مالی وسائل کے بندوبست،سکیورٹی امور،سٹاف کی تقرری اور دیگر انتظامی معاملات زیر بحث آئے اور ضروری فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے دوران ممبر شپ فیس اور ماہانہ چارجز کی مختلف مالیت پر غور کرتے ہوئے انہیں خواہش مند افراد کیلئے معقول اور مناسب حد تک رکھنے پر اتفاق ہوا۔۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی طرف سے سپورٹس کمپلیکس کا نظام چلانے کے لئے ضروری امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ڈی جی نے بتایا کہ سپورٹس کمپلیکس کو مستحکم اور مستقبل کے تقاضوں کے مطابق منصوبہ بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایم ڈی واسا عامر عزیز،اے ڈی سی جی ڈاکٹر شہاب اسلم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عمران عصمت، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے جنید حسن منج، چیف انجینئر ایف ڈی اے مہر ایوب، ڈی ایس او ساجدہ لطیف ودیگر افسران نے شرکت کی۔



