انجمن انسداد منشیات الائیڈ ہسپتال نے آگاہی کا سلسلہ وسیع کردیا، ساہیوال میں لیکچر کا اہتمام


فیصل آباد (94 نیوز) انجمن انسداد منشیات الائیڈ ہسپتالIIنے اپنی آگاہی کا سلسلہ صوبہ کے دیگر اضلاع تک پھیلا دیا ہے اس ضمن میں پریزن ٹریننگ کالج ساہیوال میں منشیات کے نقصانات اور انسانی زندگی پر اس کے منفی اثرات بارے آگاہی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی کمانڈنٹ چوہدری اصغر علی،ماہر امراض نفسیات پروفیسر امتیاز احمد ڈوگر، جنرل سیکرٹری انجمن انسداد منشیات آمنہ اکرم، صدر ظفر اقبال، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ یونس شاہ، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال منور و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشہ انسان کو انسانیت کی رفعتوں سے تنزلی کے گڑھوں میں دھکیل دیتا ہے لہذا معاشرے کو نشہ سے انکاراور زندگی سے پیار کا سبق ذہن نشین کرانے کے لئے آگاہی پروگرامز کاانعقاد ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ نشہ کے خلاف نفرت کو اجاگر کرکے اس کے استعمال پرقابو پایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ضلعی انسداد منشیات کمیٹی کے زیراہتمام آگاہی پروگرامز کے انعقاد کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم اس لعنت سے نجات کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں این جی اوز کا کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ نشہ نوجوان نسل کو گھن کی طرح چاٹ رہا ہے اور اس وجہ سے نشہ بازوں کی انفرادی وخاندانی زندگیوں کو نقصان کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر قوم بھی متاثر ہوتی ہے لہذااس عفریت سے چھٹکاراپانے کے لئے معاشرے کے ہرطبقے کو آگے آناچاہیے۔انہوں نے اسیران سے کہا کہ وہ منشیات سے ہر ممکن حد تک دور رہیں۔ڈپٹی کمانڈنٹ نے فیصل آباد سے ساہیوال آکر آگاہی سیمینار کے انعقاد کو سراہا۔



