

دبئی (94نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے دبئی میں جاری گورنمنٹ سمٹ کے دوران آئی ایم ایف کی سربراہ سے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پیکج کے حوالے سے بات ہوئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر اعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو ملک کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے وژن سے آگاہ کیا ۔ عمران خان نے آئی ایم ایف کو پاکستان کی سپورٹ پر سراہا اور کہا کہ موجودہ حکومت اداروں میں اصلاحات اور گڈ گورننس کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی سپورٹ کیلئے پہلے بھی ساتھ تھا اور اب بھی ساتھ ہے معیشت کی بہتری میں کردار ادا کرے گا۔ملاقات کے بعد ایم ڈی آئی ایم ایف نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات اچھی رہی جس میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
وزیر اعظم سے لبنان کے وزیر اعظم سعدالحریری نے بھی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم کی یہ ملاقاتیں دبئی میں جاری ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے دوران ہوئیں۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے پر دبئی پہنچے تو ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید نے ایئرپورٹ پر ان کا اعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کے ساتھ وزیر خزانہاسد عمر ، وزیراطلاعات چوہدری فوادحسین،مشیر ماحولیات امین اسلم ،معاون خصوصی ذوالفقاربخاری سمیت دیگر بھی دورے پر ساتھ گئے ہیں۔
خیال رہے کہ باہمی تجربات سے استفادے کیلئے عالمی رہنماؤں کی ورلڈگورنمنٹ سمٹ دبئی میں ہورہی ہے۔ اس سربراہ اجلاس میں 150ملکوں سے عالمی رہنما،نمائندے اور ماہرین شریک ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی دیگر عالمی رہنماﺅں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی ۔



