اسلام آباد کچہری کے قریب خود کش حملہ، کم از کم 12 افراد شہید، جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ


اسلام آباد (94 نیوز) وفاقی حکومت کے جی 11 اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے قریب خود کش حملے میں کم از کم 12 افراد شہید ہوگئے ہیں جبکہ شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور دھماکے کی جگہ کے قریب سے خود کش حملہ آور کا سر مل گیا ہے ۔
مقامی میڈیا کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ وکلا بھی زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق خود کش حملے میں اب تک کم از کم 12 افراد شہید ہوچکےہیں جبکہ 20سے زائد افراد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہےکہ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے ۔
ادھر پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی جگہ سے خود کش حملہ آور کا سر مل گیا ہے ، گیٹ کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کی زد میں دیگر لوگ بھی آگئے۔ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، اور دھماکے کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔


