حکومت پنجاب کے ”ای بز پنجاب” پورٹل پر عملدرآمد میں مستعد انداز میں فرائض ادا کریں، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) حکومت پنجاب کے ”ای بز پنجاب” پورٹل پر عملدرآمد میں مستعد انداز میں فرائض ادا کریں اس سلسلے میں مختلف اجازت ناموں کے حصول کے خواہش مند درخواست گزاروں کی مکمل رہنمائی کی جائے، سٹاف کی طرف سے کام میں کسی قسم تاخیر یا عدم توجہی قطعاً برداشت نہیں کی جائیگی۔ یہ ہدایت ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ون ونڈو کائونٹر پر قائم "ای بز پنجاب” ہیلپ ڈیسک کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کی۔ چیف انجنیئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے آسان کاروبار منصوبے کے تحت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف اجازت ناموں کا اجراء خواہش مند کاروباری افراد کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں انجام دینے کے لئے تمام سروسز کو مکمل طور پر فعال رکھاجائے۔ انہوں نے بتایا کہ ”ای بز پنجاب” پورٹل کے ذریعے کاروباری طبقے کی طر ف سے اراضی کے استعمال میں تبدیلی، عمارت کے نقشہ جات و تعمیرات کے اجازت ناموں سمیت دیگر این او سی آن لائن درخواست گزاروں کےگھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں اس سلسلے میں ایف ڈی اے کے متعلقہ شعبوں کو مکمل طور پر متحرک رکھا گیا ہے۔ انہوں نے انچارج ہیلپ ڈیسک کو ہدایت کی کہ پورٹل پر اپلائی کرنے میں دقت یا مشکل محسوس کرنے والے درخواست گزاروں کے لئے تمام تر آسانیاں فراہم کرنے کے علاوہ انہیں آن لائن اپلائی کرنے میں مکمل مدد فراہم کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ای بز پنجاب پورٹل پر محکمانہ ردعمل میں کوتاہی کرنے والوں کا سخت محاسبہ ہوگا۔ ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ نے ای بز پنجاب پر محکمانہ عملدرآمد کے بارے میں بریفنگ دی۔



