قومی

ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کسی صورت قبول نہیں، آصف چوہدری

فیصل آباد (94 نیوز) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کو مزید ذمہ داری سے چیک کیا جائے اور خلاف ورزی پر متعلقہ عمارت کو فوری سیل کرکے مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائیں۔

انہوں نے بعض بلڈنگ انسپکٹرز کی سستی اور عدم توجہی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا کہ نان کمرشل روڈز پر کوئی کاروباری عمارت قائم نہیں ہونی چاہیے جبکہ ڈکلیئرڈ کمرشل روڈز پر کاروباری مقاصد کیلئے زیر تعمیر عمارتوں کو تسلسل کے ساتھ چیک کریں اور کوئی عمارت کمرشلائزیشن کی منظوری کے بغیر تعمیر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے حکم دیا کہ کمرشلائزیشن فیسوں کے بقایاجات کی وصولی کے کام تیز کریں اور واجبات کی ادائیگی تک تعمیراتی کام روک دیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بلڈنگ بائی لاز کی پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام عمارات منظور شدہ بلڈنگ پلان کے مطابق تعمیر ہونی چاہیے،نقشہ جات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی سے گریز نہ کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بلڈنگ لاز اور کمرشلائزیشن قوانین کی خلاف ورزی میں اگر ایف ڈی اے کے کسی اہلکار کی ملی بھگت پائی گئی تو اس کا سخت ترین محاسبہ ہوگا لہذا دیانتداری اور نیک نیتی سے محکمانہ فرائض انجام دیتے ہوئے قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کے افسران سے کہا کہ وہ فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھیں اور ان کی محکمانہ کارکردگی کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button