قومی

پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی قیدی بچوں کیلئے فرشتہ بن گئی، 2 بچوں کے بھاری جرمانے ادا کرکے بورسٹل جیل سےرہائی دلوا دی

بورسٹل جیل کے قیدی بچوں کیلئے کام کرتے رہیں گے تاکہ یہ معاشرے کے ذمہ دار افراد بن سکیں، صوفیہ رضوان، میاں ندیم، شاہد رزاق سکا


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی بورسٹل جووینائل انسٹیٹیوٹ (بورسٹل جیل) قیدی بچوں کیلئے فرشتہ بن گئی، ہزاروں مالیت کے گرم کپڑے، کمبل، کھانا اور جوتے تقسیم کرنے کے بعد 2بچوں کو بھاری جرمانے ادا کرکے رہائی دلوادی، تفصیلات کے مطابق پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی بورسٹل جیل فیصل آباد اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر اینڈ بیت المال صوفیہ رضوان کی سربراہی میں بورسٹل جیل پہنچ گئی، جہاں قیدی بچوں کیلئے کھانے پینے کی اشیاء، پہننے کیلئے گرم کپڑے، جوتے اور کمبل تقسیم کئے، سوسائٹی نے بچوں کیلئے منشیات کے خلاف سیمینار کا بھی اہتمام کیا، گزشتہ روز پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی نے معروف سماجی و کاروباری شخصیت شاہد رزاق سکا سے 2قیدی بچوں کے جرمانے ادا کرواکے انکی رہائی ممکن بنائی۔ شاہد رزاق سکا نے دونوں بچوں کا جرمانہ ایک لاکھ چالیس ہزار روپے ادا کیا۔ جسکے بعد جیل انتظامیہ نے دونوں بچوں کو رہا کردیا۔اس موقع پر سوسائٹی کے نائب صدر میاں ندیم احمد، شاہد رزاق سکا، عبدالقیوم انور، چوہدری اعجاز احمد، سپرنٹنڈنٹ بورسٹل جیل ملک آصف اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اسد طارق بھی موجود تھے۔ میاں ندیم احمد اور صوفیہ رضوان نے شاہد رزاق سکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی قیدی بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتی رہے گی، ہم انکی تربیت بھی کریں گے۔ تاکہ یہ بچے بہترین زندگی گزار سکیں۔جرم سے نفرت کریں۔یہ بچے بھی ہمارے بچے ہیں کسی غلطی کی وجہ سے سزا یافتہ ہوگئے ہیں، لیکن ہم ان معصوم بچوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، تاکہ رہائی پانے کے بعد یہ معاشرے کے ذمہ دار شہری بنیں اور اچھی زندگی گزاریں۔ رہائی پانے والا ایک بچہ ابرار جسکا تعلق ضلع قصور سے ہے نے کہا کہ مجھے اتنی خوشی ہورہی ہے جسکو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتا سات سال قید میں رہ کر والدین کا مقام اور آزادی کی اہمیت سمجھ میں آگئی ہے۔ میں ان تمام بچوں سے کہوں گا کہ کبھی بھی جذباتی فیصلہ نہیں کرنا،والدین کا احترام اور انکی نصحیتوں پر ہی عمل کرنا۔ رہائی پانے والے دوسرے بچے نواز جسکا تعلق سمندری سے تھا کہا کہ میں غلط بچوں کیساتھ دوستی کرکے اس مقام پر پہنچا آج مجھے پچھتاوا ہے کہ میرے والدین میرا جرمانہ بھی ادا نہیں کرسکتے تھے، میں نے والدین کی نافرمانی کی جس سے مجھے یہ دن دیکھنا پڑے۔ میں آئیندہ گناہوں سے توبہ کرتا ہوں۔ اور مجھے رہائی دلوانے والے پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سپرنٹنڈنٹ ملک آصف نے کہا کہ پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی ان بچوں کیلئے امید کی کرن ثابت ہوئی ہے، اسطرح بچوں کی رہائی کروانا بہت بڑا کام ہے جس کا اجر اللہ تعالیٰ کی ذات دیگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تعاون پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کیساتھ ہمیشہ رہے گا۔ تاکہ ان قیدی بچوں کیلئے کام کئے جا سکیں۔ اس موقع پر یہ بھی طے پایا کہ جلد ان بچوں کیلئے سپورٹس گالا کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ صوفیہ رضوان نے کہا کہ ہماری ٹیم جس میں اسلم ڈھیڈی سیلانی ویلفئیر فاؤنڈیشن، مسز حنا اسلم، میاں ندیم احمد، محسن رضا ملک،نازلین اکرم،محمد عثمان، نازیہ شیخ، علی عمران، فاروق بٹ، میاں زاہد، عدنان فاروق اور بشیر بیگ کی کاوشوں کیساتھ ہم یہ کام کرتے رہیں گے۔ شاہد رزاق سکا نے کہا کہ وہ ان بچوں کیلئے پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی کیساتھ ملکرمزید کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بچوں کی رہائی کیلئے جتنی کوشش پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی نے صوفیہ رضوان کی سربراہی میں کی ہے وہ قابل ستائش ہے۔ دونوں بچوں کو پرزنرز ویلفئیر سوسائٹی نے گھر جانے کا بھی اہتمام کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button