تقریبات/سیمینارز

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اورمبارکباد دی

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کمپلیکس میں مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا اور انہیں مبارک باد دی۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے کرسمس کی خوشی میں مسیحی ملازمین کو ایک ماہ کی آدھی تنخواہ کے برابر بطور عید ی اعزازیہ بھی دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں ودیگر افسران کے علاوہ پادری ڈاکٹر روفن ولیم اور چوہدری امجد پرویز، سرپرست انقلابی ورکرز یونین رائے آصف، چیئرمین شیخ عمران،صدر صداقت علی بلوچ،جنرل سیکرٹری میاں منیب ریاض،نائب صدور، رانا فرقان پرویز، افضل مسیح، رمضان گجر، کاشف جٹ، سیکرٹری انفارمیشن اسلم انصاری ودیگر عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔کرسمس تقریب میں مسیحی ملازمین و دیگر سٹاف نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی ملازمین کی فلاح و بہبود اور بھلائی پر یکساں توجہ دی جارہی ہے جوکہ ادارہ کی ترقی و استحکام میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی آئین میں اقلیتی برادری کو برابر کے شہری حقوق حاصل ہیں جسکی ایف ڈی اے میں مکمل پاسداری کی جا رہی ہے۔ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونا قومی یکجہتی و ملی یگانگت کی نمایاں علامت ہے اور ہم بحیثیت پاکستانی قوم متحد ہوکر اس طرح ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔انہوں نے مسیحی ملازمین کے حقوق کے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔ اس سے قبل صدر انقلابی ورکر یونین صداقت علی بلوچ و دیگر عہدیداروں نے مہانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسیحی ملازمین ہمارے قابل قدر ساتھی ہیں جن کو ہمیشہ ساتھ لیکر چلتے ہیں۔ انہوں نے مسیحی ملازمین کو کرسمس کی خوشیوں کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر پادری ڈاکٹر روفن ولیم اور چوہدری امجد پرویز نے کرسمس تقریب کو ایف ڈی اے کی شاندار روایت قرار دیا اور کہا کہ ان اقدامات سے مسیحی برادری کی بھرپور حوصلہ افزائی اور کرسمس کی خوشیاں دوبالا ہوتی ہیں۔ انہوں نے ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری و دیگر افسران اور انقلابی ورکرز یونین کے عہدیداروں کے مسیحی ملازمین کے بارے میں پیار ومحبت اور یکجہتی کے جذبات کوسراہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button