ایف ڈی اے ملازمین کی تنخواہوں، پنشن ودیگر واجبات کی ادائیگی کیلئے ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز کر دیا گیا


فیصل آباد(94 نیوز میاں ندیم احمد)حکومت پنجاب کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے ملازمین کی تنخواہوں، پنشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے لئے ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد چیک لیس اور کیش لیس ادائیگیاں کرنا ہے تاکہ وقت کی بچت کے ساتھ مالی معاملات میں مزید شفافیت اور نظم وضبط کویقینی بنایاجا سکے۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک اجلاس میں مالیاتی نظم وضبط اور مالیات کی ادائیگیوں میں ڈیجیٹل سسٹم پر عملدرآمد کاجائزہ لیتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسراعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس فیصل طارق بٹ، حمیرا اشرف و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے نے بتایا کہ شعبہ فنانس میں شفاف مالیاتی نظم و نسق کے لئے جدید اصلاحات متعارف کرائی ییں جن کے مطابق اب تک ادائیگیاں ڈیجیٹل سسٹم کے تحت ہوں گی اس سلسلے میں بنک چیک فراہم یا نقد رقوم ادا نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ فنانس پنجاب کی گائیڈ لائن کے مطابق ڈیجیٹل سسٹم میں سٹیٹ بنک کے ”راست” پلیٹ فارم کے تحت گورنمنٹ ٹو پرسن پے منٹس میں تنخواہیں، پنشن ودیگر واجبات کے علاوہ ٹھیکیداروں کی ادائیگیوں کا طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے شعبہ فنانس کے افسران کو ہدایت کی کہ اس سسٹم پر کامیابی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور تمام تر تکینکی، فنی و انتظامی امور کا خصوصی خیال رکھاجائے۔



