تاندلیانوالہ،غیر قانونی سمارٹ سٹی،لائلپورسٹی اورسن سٹی کے دفاترسیل کردئیے گئے


فیصل آباد(94 نیوز) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تاندلیانوالہ میں تین غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے قیام کی کوشش ناکام بنا دی جن کے دفاتر کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے تحصیل تاندلیانوالہ کے علاقہ میں انسپکشن کی تو وہاں بلامنظوری سمارٹ سٹی ، لائل پور سٹی اور سن سٹی کے نام سے ہاؤسنگ اسکیمیں قائم کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جن کیخلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے غیرقانونی تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار کردیا اورموقع پر موجود دفاتر کو سربمہر کردیاگیا۔ ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ ہائوسنگ سکیموں کے قیام کیلئے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرکے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں سے ہوشیار رہیں اور پلاٹ خریدنے سے قبل ہائوسنگ سکیم کی قانونی حیثیت ضرور چیک کرلیں۔



