بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں ترقی کی راہ میں سب سے بڑا چیلنج وسائل کی کمی کا ہے۔
اسلام آباد —
عالمی سطح پر تعلیم کی صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کی حال ہی میں جاری ہونے والی ایک جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جنہیں شعبہ تعلیم سے متعلق اہداف کے حصول کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا ہو گا۔
تعلیم کی صورت حال سے متعلق یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت یعنی یونیسکو کی طرف سے جاری کی گئی ہے۔

اس رپورٹ کی تیاری میں یونیسکو کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یعنی یونیسف اور تنظیم کے دیگر ذیلی شعبوں کا تعاون حاصل رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عالمی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی طرف پیش رفت میں تعلیم بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہے تاہم اس مقصد کے لیے ایک نئی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں دو کروڑ چالیس لاکھ بچے ایسے ہیں جو اسکولوں سے باہر ہیں اور ان بچوں کو تعلیم کی فراہمی کا بندوبست کرنا ملک کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم محمد بلیغ الرحمٰن نے وائس آف امریکہ سے ایک خصوصی گفتگو میں کہا کہ دو سال قبل اسکول سے باہر بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا تھا تاہم ان کے بقول اب صورت حال بہتر ہو رہی ہے۔
Ministry of Federal Education Muhammad Baligh Ur Rehman