فیصل آباد: شہر کے 25 پارکوں کو پبلک کو دینے کا فیصلہ


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ شہر کے پارکوں کو حقیقی معنوں میں تفریح گاہ بنانے کے لئے سرگرم ہے۔اس ضمن میں پہلے مرحلہ میں شہر کے 25 پارکوں کو تفریحی سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے پبلک کو اپنانے/ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آڈاپڈ دی پارک (Adopt the park)کے لئے بھرپور تشہیری مہم چلائی جائے گی جبکہ مزید25 پارکس کو پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اپنے وسائل سے بہتر بنائے گی۔ان 50 پارکس میں چاردیواری،لائٹنگ،واش رومز،ٹریک کی بہتری،لینڈ سکیپنگ،ہارٹیکلچر ورک،واٹر پمپ کو فعال سمیت بیچز کی مرمت اور جھولوں کی درستگی ہوگی جبکہ حکومت پنجاب کی طرف سے70 کروڑ روپے کے فنڈز کے اجراء پر مزید پارکوں میں عدم دستیاب تفریحی سہولیات کویقینی بنایا جائے گا۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ڈی جی پی ایچ اے دلاور خان نے راؤنڈ اباؤٹس کی ڈویلپمنٹ،گرین بیلٹس،سینٹر میڈینز کی بہتری،فاؤنٹینز(فواروں کو فعال)،مختلف چوکوں میں ماڈلز کی تنصیب کے عمل سے آگاہ گیا۔انہوں نے شہر کی خوبصورتی اور پارکوں کی تزئین وبحالی کے لئے مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ پارکوں کو تفریح گاہ بنانے کے لئے دوررس نتائج کے حامل اقدامات کئے جائیں تاکہ شہری پارکوں کا رخ کریں۔انہوں نے شہر کی خوبصورتی کے لئے مزید منصوبے بھی شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔



