امریکہ سے منتخب ہونے والے تاریخ کے پہلے پوپ فرانسس کی حالت نازک


ویٹی کن سٹی (94 نیوز) کیتھولک مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس اس وقت شدید بیماری کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہ ڈبل نمونیا اور پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا ہیں ان کی حالت نازک ہے۔ خون کے ٹیسٹ میں گردے کی ہلکی ناکامی کے آثار بھی ظاہر ہوئے ہیں، تاہم 88 سالہ پوپ ہوش میں ہیں اور بات چیت کر رہے ہیں۔
پوپ فرانسس جارج ماریو برگولیو کے نام سے 17 دسمبر 1936 کو ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ایک اطالوی نژاد خاندان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پوپ بننے کے بعد سینٹ فرانسس آف اسیسی سے متاثر ہو کر اپنا نام "فرانسس” رکھا۔ یہ سینٹ سادگی اور غربا کی خدمت کے لیے مشہور تھے۔
وپ نے ابتدائی طور پر کیمیکل ٹیکنیشن کے طور پر تعلیم مکمل کی اور بعد ازاں چلی میں انسانی علوم کی تعلیم حاصل کی۔ ارجنٹینا کے کولیجو ڈی سان خوسے سے انہوں نے فلسفے کی ڈگری حاصل کی اور 1964 سے 1966 تک ادب اور نفسیات کے استاد بھی رہے۔ 1970 میں انہوں نے تھیالوجی کی ڈگری مکمل کی اور 1969 میں انہیں کاہن مقرر کیا گیا۔
سنہ 1973 میں وہ چرچ کے حتمی رکن بنے اور اسی سال انہیں ارجنٹینا میں کاہنوں کا سربراہ مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے چھ سال تک خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں وہ تھیالوجی کے پروفیسر اور ریکٹر کے طور پر کام کرتے رہے۔ 1986 میں وہ اپنی ڈاکٹریٹ کی تحقیق کے لیے جرمنی گئے۔ سنہ 1992 میں انہیں بیونس آئرس کا معاون بشپ مقرر کیا گیا اور 1997 میں وہ کوآجوٹر آرچ بشپ بنے، جس کے بعد 1998 میں انہوں نے بیونس آئرس کے بشپ کا عہدہ سنبھالا۔ وہ ارجنٹینا کے بنیادی مذہبی رہنما کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ سنہ 2001 میں وہ کارڈینل بنے اور اپنی شہرت کے برعکس انہوں نے اس موقع پر کوئی بڑی تقریب منعقد کرنے کے بجائے لوگوں کو غربا کی مدد کرنے کی تلقین کی۔
سنہ 2013 میں انہیں پوپ منتخب کیا گیا، وہ براعظم امریکہ سے تعلق رکھنے والے پہلے پوپ بنے۔ ان کے دور میں کلیسیا میں اصلاحات پر زور دیا گیا اور عالمی سطح پر سماجی انصاف، ماحولیاتی تحفظ، اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اقدامات کیے گئے۔ پوپ فرانسس کی زندگی اور خدمات پر کئی کتابیں لکھی اور فلمیں بنائی جا چکی ہیں
پوپ فرانسس کو 14 فروری کو روم کے جیمیلی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ویٹیکن کے مطابق انہیں شدید سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا اور خون کی کمی کے باعث خون کی منتقلی کی ضرورت پیش آئی۔ ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو نازک قرار دیا ہے اور وہ ہائی فلو آکسیجن تھراپی پر ہیں۔ چونکہ ان کے پھیپھڑوں کا ایک حصہ جوانی میں پھیپھڑوں کی سوزش کے باعث نکال دیا گیا تھا، اس لیے وہ شدید نظام تنفس کے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔
ویٹیکن کے مطابق ان کے کم پلیٹلیٹس اور خون کی کمی کے باعث انفیکشن کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں، جبکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں سیپسس یعنی خون میں انفیکشن کا شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ تاہم، ابھی تک ایسے کوئی آثار نہیں دیکھے گئے ہیں۔ پوپ فرانسس کی صحت کے حوالے سے ویٹیکن کا کہنا ہے کہ صورتحال حساس ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔



