فیصل آباد پنجاب فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، ناقص 90 ہزار چورن پائپ، 240کلو چورن، آمچور، رنگ اور گلوکوز ضبط، ملزمان گرفتار


فیصل آباد (94 نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بچوں کے لئے ناقص اشیاء خوردونوش بنانے والوں کے خلاف آپریشن کیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملت روڈ غازی آباد میں چورن یونٹ پر چھاپہ مارا اور 90 ہزار چورن پائپ، 240کلو چورن، آمچور، رنگ اور گلوکوز ضبط کرکے مقدمہ درج اورملزم کوگرفتارکرادیا۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ممنوعہ چائنہ نمک، گلوکوز کی مکسنگ سے ممنوعہ مضر صحت چورن تیار کیا جارہا تھا۔ جبکہ پیکنگ کے لئے موجود خالی پائپ ضبط کرلئے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ خوراک کا کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی لائسنس کے بغیر کیا جارہا تھا، یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، ٹوٹا فرش اور حشرات کی بھرمار پائی گئی۔ ممنوعہ مضر صحت اجزاء سے تیار شدہ چورن بچوں کے گردوں اور جگر کو متاثر کرسکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ خوراک میں جعلسازی کرنے والے عناصر کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ شہری اپنے ارد گرد ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔



