محرم اخوت،رواداری اور احترام کا درس دیتا ہے، عظمیٰ بخاری

وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر صوبائی وزراء تمام اضلاع میں متحرک ہیں، امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے، صوبائی وزیر اطلاعات

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات/انچارج محرم انتظامات فیصل آباد ڈویژن عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ محرم اخوت،رواداری اور احترام کا درس دیتا ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایات پر صوبائی وزراء تمام اضلاع میں متحرک ہیں۔صوبہ میں امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے اور یوم عاشور کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
انہوں نے یہ بات دورہ فیصل آباد کے موقع پر ڈی سی آفس میں محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے صوبائی وزیر اطلاعات کو محرم انتظامات بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلع میں تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی مکمل نگرانی جاری ہے۔ سی پی او کامران عادل ، واسا،پی ایچ اے، میونسپل کارپوریشن کے افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 387 سی سی ٹی وی کیمرے مانیٹرنگ کے لئے فنکشنل ہیں۔ضلع بھر میں اہم جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر 40 واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محرم کے آخری تین دن سوشل میڈیا کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی جائے اورنفرت انگیز اور شر انگیز مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے کی کسی صورت اجازت نہیں۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ ہونے والی خلاف ورزی کی تصدیق بھی ضروری ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے محرم جلوسوں کے روٹس پر شرکاء کو سبیل شربت پوائنٹس پرہی حکومت پنجاب کی طرف سے نیاز کی تقسیم بھی فوری شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیاز کی کوالٹی چیک کی جائے جبکہ ڈبہ پر منجانب وزیراعلی پنجاب اور پنجاب حکومت کا لوگو لگوائیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور سی پی او سے کہا کہ فلیش پوائنٹس کی مسلسل نگرانی،امن کمیٹی کے علماء کرام سے قریبی رابطہ رہنا چاہیے۔جلوسوں کے روٹس پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی ادائیگی کے ساتھ ساتھ امن وامان کے قیام کے لئے قومی فریضہ بھی اداکرنا ہے جس کے لئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر فیصل آباد میں محرم انتظامات کو مانیٹر کرنے کے لئے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور وہ یوم عاشور کے جلوسوں ومجالس کے اختتام تک فیصل آباد ڈویژن میں موجود رہیں گی۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان سے بریفنگ بھی لی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے ڈی سی آفس میں قائم محرم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ اور سی پی او کامران عادل نے کنڑول روم کے ذریعے جلوسوں کے روٹس کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے محرم جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کی نگرانی کی۔ کنٹرول روم میں بڑے سائز کی ایل سی ڈیز نصب ہیں اور 387سے زائد جدید اور ہائی ٹیک سی سی ٹی وی کیمرے بھی منسلک ہیں جن کے ذریعے مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ،چوک گھنٹہ گھر،دیگر بازاروں اور مختلف علاقوں کے اہم جلوسوں اور مجالس اعزاء کے مقامات کی براہ راست کوریج کی جارہی ہے جبکہ مختلف میڈیا چینلز کی مانیٹرنگ پر بھی خصوصی توجہ مرکوز ہے تاکہ میڈیا کی طرف سے مسائل کی نشاندہی کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر ضروری اقدامات کئے جا سکیں۔ضلعی کنٹرول براہ راست صوبائی کنٹرول روم سے بھی منسلک ہے اعلی حکام بھی فیصل آباد کی صورتحال کو ملاحظہ کر سکتے ہیں۔کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے جس میں محکمہ پولیس،ریسکیو 1122، واسا، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل، فیسکو، سول ڈیفنس،ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کا سٹاف تین شفٹوں میں ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کنٹرول روم میں انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور کہا کہ محرم جلوسوں و مجالس کی لمحہ بہ لمحہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔کنٹرول روم میں موصول ہونے والی شکایات و اطلاعات پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کرکے اصلاح احوال اور مسائل کے بلاتاخیر ازالے کو یقینی بنایا جایاجائے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے پولیس لائینز میں ضلعی پولیس کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔



