محرم الحرام میں پولیس کی جانب سے فول پروف سیکورٹی پلان جاری

مجموعی طور پر 1119مجالس ہونگی، مجالس کی سکیورٹی کے لیے 45144افسران و ملازمان تعینات ہیں جبکہ 8345 ولینٹئربھی فرائض سرانجام دیں گے

فیصل آباد (94 نیوز) آرپی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان کے احکامات کی روشنی میں ریجن فیصل آباد پولیس نے محرم الحرام میں امن وامان کی فضاء کو بر قرار رکھنے کے لیے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا۔ ریجن بھر میں رواں سال مجموعی طور پر 1119مجالس جن میں 146کیٹگری Aجبکہ 263کیٹگریBجبکہ 263کیٹگری Cشامل ہیں۔آرپی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان کے احکامات پر ضلعی سربراہان کی جانب سے مجالس ہائے کی سکیورٹی کے لیے 45144افسران و ملازمان تعینات ہیں جبکہ 8345ولیٹئربھی فرائض سرانجام دیں گے۔
اس طرح ریجن بھر میں رواں سال مجموعی طور پر4402جلو س جن میں 325کیٹگری Aجبکہ945کیٹگریBجبکہ 3132کیٹگری Cکے بر آمد ہو نگے۔آرپی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان کے احکامات پر ضلعی سربراہان کی جانب سے جلو س ہائے کی سکیورٹی کے لیے 40686افسران و ملازمان تعینات ہیں جبکہ16895ولیٹئربھی فرائض سرانجام دیں گے۔
آرپی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے ضلعی سربراہان کو احکامات جاری کر تے ہو ئے کہا کہ مساجد،امام بارگاہوں،مجالس اورجلوس ہائے کے روٹس کا ازسرنوجائزہ لیا جائے ضلعی سطح پر بالخصوص اورتھانہ کی سطح پر بالعموم امن کمیٹیاں فعال کی جائیں اوران کے ساتھ بامقصد میٹنگ ہائے منعقد کی جائیں تاکہ مذہبی ہم آہنگی،اتحاد بین مسلمین اوربھائی چارے کو فروغ ملے۔فرقہ وارانہ اختلافات اورکشیدگی کی صورت میں نقص امن کی صورتحال پیدا نہ ہو۔
ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں۔ تاکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کے نظام کو موثربنایا جاسکے اورمعلومات کی بروقت ترسیل سے بمطابق حالات عملی اقدامات کئے جاسکیں۔ شعلہ بیان مقررین،ذاکرین اورعلماء کرام کی ضلع بندی اورزبان بندی کے لئے ٹھوس شواہد فراہم کئے جائیں اورانہیں بروقت آگاہ کیا جائے۔CTOٹریفک تمام گاڑیوں کی پارکنگ اور ٹریفک کے بہاؤکو یقینی بنانے کے ذمہ دارہونگے۔اسلحہ کی سرعام نمائش،لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کرنے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے۔دہشت گرداورشرپسند عناصرپر کڑی نظررکھی جائے۔پولیس فورس کی بہبود کا خیال رکھتے ہوئے انہیں دوران ڈیوٹی پانی اورکھانا مہیا کیا جائے۔پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی چاک وچوبندسرانجام دینے کے لئے شفٹ سسٹم متعارف کروایا جائے۔دی گئی ہدایت پر عمل درآمد کو ہرصورت یقینی بنایا جائے.



