بجٹ میں ٹیکس کی رعایتیں اور چھوٹ ختم کرنے کی تجویز


اسلام آباد (94 نیوز) آئندہ بجٹ 25-2024 میں سیلز اور انکم ٹیکس کی رعایتیں اور چھوٹ مرحلہ وار ختم کرنے کی تجویز آگئی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں امپورٹڈ ٹریکٹرز پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے جبکہ کمرشل امپورٹرز پر وِد ہولڈنگ ٹیکس لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔ ملک میں کمرشل درآمد کنندگان کی خریداریوں پر وِد ہولڈنگ پر ٹیکس چھوٹ ہے، آئندہ بجٹ میں کمرشل درآمد کنندگان کی آمدن پر انکم ٹیکس وِد ہولڈنگ لگانے کی تجویز ہے۔
کمرشل امپورٹرز پر ایک فیصد ٹیکس لگانے سے سالانہ 25 ارب روپے تک ریونیو متوقع ہے جبکہ پرانی درآمدی گاڑیوں پر بھی ٹیکس بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔
گندم کی درآمد کی حوصلہ شکنی کیلئے اضافی ٹیکس ڈیوٹی لگانے کی تجویز ہے جبکہ بجٹ میں ٹریکٹرز اور کیڑے مار ادویات پر ٹیکس چھوٹ ختم کیے جانے کا امکان پے۔ ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے آئندہ مالی سال میں 30 ارب روپے ریونیو ملنے کی توقع ہے، ٹریکٹرز اور کیڑے مار ادویات پر ٹیکس استثنیٰ کے خاتمے سے زرعی لاگت مزید بڑھ جائے گی۔ ملک میں رواں سال ٹریکٹرز اور کیڑے مار ادویات کو سیلز ٹیکس سے چھوٹ حاصل ہے۔



