9،10 محرم کو واساعملہ کی چھٹیاں منسوخ، ایم ڈی کی عملہ کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے محرم الحرام کی چھٹیوں کے دوران آپریشنز کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جنہیں 9 اور 10 محرم الحرام کو اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس کلیئر کئے گئے ہیں جبکہ واسا ہیڈ آفس میں قائم کنٹرول روم بھی فعال ہے جہاں پر چوبیس گھنٹے سٹاف موجود ہے جو سیوریج، واٹر سپلائی سمیت دیگر شکایات کا اندراج کر کے اسے متعلقہ فیلڈ افسران کو ریفر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کی چھٹیوں میں بھی آپریشنز افسران و سٹاف مستعد اور متحرک رہیں گے جبکہ ایسٹ اور ویسٹ زون میں آپریشنز شکایات کے ازالہ کے لئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں ہیں جو اپنے متعلقہ علاقوں میں سیوریج مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گی اور روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ سمیت مختلف مقامات پر پینے کے پانی کے ٹینکر بھی متعین کر دئیے گئے ہیں جہاں پر عزادار اور شہری صاف پینے کا پانی حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا کے واٹر ٹینکر دس محرم الحرام کی رات تک اپنے مقامات پر موجود رہیں گے۔



