قومی

ضلع بھر میں 2سے 8نومبر تک ”ہفتہ انسداد سموگ“منانے کا اعلان

فیصل آباد(94 نیوز) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں 2سے 8نومبر تک ”ہفتہ انسداد سموگ“منایا جائے گا اسی سلسلے میں سموگ سے بچاؤ کے لئے احتیاطی وانسدادی اقدامات کو یقینی بنانے کے علاوہ عوامی آگاہی کے لئے ہمہ نوعیت کے پروگرامز منعقدہوں گے۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا کہ بدلتے موسم میں سموگ کے خطرات موجود ہیں جس کے مضر اثرات سے بچنے کے لئے عوامی سطح پر آگہی اشد ضروری ہے۔انہوں نے محکمہ تعلیم،صحت،سماجی بہبود، تحفظ ماحولیات، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور دیگر محکموں سے کہا کہ وہ سموگ کی صورت حال پر قابو پانے کے لئے قانونی ومحکمانہ اقدامات کے علاوہ عوام کو سموگ کی وجوہات، اس کے مضر اثرات اوربچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کریں۔ اس ضمن میں ہفتہ انسداد سموگ کے دوران آگاہی سیمینار، واکس، تعلیمی اداروں میں لیکچرز،طالب علموں کے مابین تقریری مقابلوں،عوام میں معلوماتی پمفلٹس کی تقسیم سمیت سموگ سے بچاؤ کے لئے شعور کو اجاگر کرنے کے لئے دیگر نوعیت کے پروگرامز منعقد کریں اورمحکمانہ کارکردگی سے متعلق رپورٹس فراہم کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ماحولیات کے افسران سے کہا کہ دھواں چھوڑنے والے بھٹہ جات کی بندش کے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے جبکہ ٹریفک پولیس وسیکرٹری آر ٹی اے کی طرف سے ایسی گاڑیوں کو فوری بند کیا جائے جو شدید دھواں چھوڑ رہی ہوں۔ انہوں نے کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے،گردوغبار پر قابو پانے کے لئے پانی کے چھڑکاؤ،مٹی لیکر چلنے والی ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھاپنے کا پابند بنانے،فصلوں کی باقیات کو جلانے اور ٹائروں وغیرہ کو آگ لگانے پر پابندی کویقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورت میں عوام کو اسکی شدت،گاڑیوں پر سفر سے اجتناب کرنے اور ماسک کے استعمال سے متعلق آگاہ رکھا جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button