کمشنر سلوت سعید کی ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد جاری، عوام کو تیزی کیساتھ ریلیف ملنے لگا، عوام کا کمشنر کو خراج تحسین


فیصل آباد(94 نیوز میاں ندیم) کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد جاری ہے۔ عوام کو تیزی کیساتھ ریلیف ملنے لگا اور انکی شکایات دور ہونے لگیں عوام نے کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور خراج تحسین پیش کیا۔ کمشنر نے پچھلی کھلی کچہریوں میں پیش کی گئی درخواستوں پر محکموں کی کارروائی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے درخواست گزاروں کی موجودگی میں بتایا کہ چارکھلی کچہریوں میں اب تک سائلین کی 99 درخواستیں /شکایات حل ہوگئی ہیں۔انہوں نے زیر التواء 33درخواستوں پربھی محکموں کو ایک ہفتہ میں شکایات نمٹانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے کھلی کچہری میں واسا الاٹمنٹ سے متعلقہ شہری کی شکایات پرریکارڈ سمیت رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے ایک درخواست پر چیف آفیسر ایم سی ایف کو علامہ اقبال کالونی جی بلاک میں غیر قانونی بازار ختم کرانے کا حکم دیا۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو بغیر نقشہ رہائشی عمارت تعمیر کرنے والوں کو جرمانہ عائدکرنے اور مالک کو نقشہ منظور کرانے کا پابند بنانے کی ہدایت بھی کی۔کمشنر نے محکمہ مال سے متعلقہ درخواست پر اے ڈی سی آر کو آئندہ کچہری میں رپورٹ پیش کرنے کی تاکید کی۔شہر کی اہم شاہرات پر تجاوزات کی شکایت پر کمشنر نے انہیں فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو شہر بھر میں صفائی کے معیار میں بہتری لانے کا حکم دیا اور کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں ڈنگ ٹپاؤ پالیسی نہیں چلے گی۔محکمے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔کھلی کچہری کمشنر فیصل آباد کے فیس بک پیج پر بھی براہ راست جاری رہی اور کمشنر نے فیس بک کے ذریعے بھی عوامی مسائل سے آگاہی لیکرمتعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔



