سانحہ جڑانوالہ کو ایک سال مکمل، ”وطن کی مٹی گواہ رہنا” کے عنوان سے تقریب کا انعقاد، ڈپٹی کمشنر، سی پی او،اسسٹنٹ کمشنر، ایس پی اورممبران امن کمیٹی کی خصوصی شرکت


جڑانوالہ (94 نیوز)سانحہ جڑانوالہ کو ایک سال بیت گیا۔شیروآنہ جڑانوالہ میں تحصیل انتظامیہ کی زیر نگرانی مسلم مسیحی رہنماؤں کے اشتراک سے ”وطن کی مٹی گواہ رہنا” کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصراورسی پی او کامران عادل نے بطور مہمانان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنررانا صفدر شبیر،ایس پی عابد ظفر،ممبران امن کمیٹی علامہ سکندر زکی،وسیم طارق،بشپ آف فیصل آباداندریاس رحمت، سرونٹ آف گاڈ فادر سلمان، پاسٹر نوید مختار، پاسٹر مختار سراج، پاسٹر جاوید بھٹی، پاسٹر بیلی گراہم و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال پہلے انتہائی افسوس ناک سانحہ پیش آیاتاہم حکومت پنجاب سمیت ڈویژنل وضلعی اور پولیس انتظامیہ نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے امن وامان کا قیام یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ میں متاثرہ خاندانوں کی تیز رفتار آبادکاری اورمتاثرین کو حکومت پنجاب کی طرف سے مالی امداد فراہم کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سانحہ میں مثاتر ہونے والے گرجاگھروں کی بحالی مکمل کرائی۔ اسی طرح متاثرہ مسیحی خاندانوں کے بچوں کو کتابیں، بیگز، یونیفارم فراہم اور فیسیں اداکرکے دوبارہ سکولوں میں داخل کرایا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مسیحی برادری اور تقریب کی انتظامیہ کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا لازمی ہے۔ہمیں مل جل کر ساتھ رہنا اور ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی وپولیس انتظامیہ ضلع بھر میں قیام امن کے لئے موثر اقدامات پر عمل پیرا ہے۔تقریب سے سی پی او فیصل آباد نے بھی خطاب کیا اور بتایاکہ سانحہ جڑانوالہ 16،اگست 2023ء کے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی۔کسی کو امن میں خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے سی پی او کے ہمراہ سینما چوک کا بھی دورہ کیا اور مسیحی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امن کے قیام کے لئے ہمیں سب کو ایک پیج پر رہنا ہے۔قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے۔دین اسلام نے بھی غیر مسلم کے حقوق کے تحفظ کا حکم فرمایا۔انہوں نے کہا کہ برداشت،بھائی چارہ، رواداری،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اقدامات جاری رہنے چاہیں۔علماء کرام بھی محراب ومنبر سے باہمی اتحاد واتفاق کا پیغام اجاگرکرتے رہیں۔تقریب سے مسیحی رہنماؤں نے بھی اظہار خیا ل کیا۔



