ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کا رمضان سہولت بازار جھنگ روڈ کا دورہ، مخلتف اسٹالز کا معائنہ


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے رمضان المبارک کے دوران عوامی ریلیف کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے رمضان سہولت بازار جھنگ روڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے بازار میں قائم مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور خریداری کیلئے آئے ہوئے روزہ داروں سے ملاقات کر کے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے چینی، آٹا، سبزیوں، پھلوں، دالوں اور چکن کے سٹالز پر جا کر دستیابی، مقررہ نرخوں پر فروخت اور کوالٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے چینی کے پیکٹ کا وزن بھی چیک کروایا تاکہ مقدار اور معیار میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اشیائے ضروریہ حکومت کی مقررہ قیمتوں پر ہی فروخت کی جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی سہولت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور گرانفروشی یا ناقص اشیاء کی فروخت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔



